Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / کرس راجرز نے بھی سبکدوشی کا اعلان کردیا

کرس راجرز نے بھی سبکدوشی کا اعلان کردیا

لندن ۔19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی اوپنر  کرس راجرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایشز سیریز کے اختتام پر ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ 37 سالہ راجرز اوول میں کل شروع ہونے والے پانچویں ایشز ٹسٹ کے بعد سبکدوش ہوں گے جو کہ ان کا 25واں ٹسٹ میچ ہوگا۔راجرز اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  وہ دو سال تک اپنے کھیل سے بہت لطف اندوز ہوئے ہیں لیکن ہر چیز کا ایک اختتام ہوتا ہے۔انگلینڈ میں مختلف کاؤنٹیوں کی طرف سے کھیلنے والے راجرز ٹسٹ کرکٹ میں 1972 رن بنا چکے ہیں اور ان کی اوسط 42.86  ہے۔ اس وقت انگلینڈ میں کھیلی جانے والی ٹسٹ سیریز میں وہ سب سے زیادہ رن بنانے والے بیٹسمین  ہیں اور انھوں نے 62.42 کی اوسط سے 437 رن بنائے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک نے بھی یہ اعلان کردیا ہے کہ انگلینڈ کے ساتھ پانچواں اور آخری ایشز ٹسٹ میچ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔ راجرز نے پہلا ٹسٹ ہندوستان کے خلاف 2008 میں کھیلا تھا تاہم اس میچ میں دونوں اننگز میں وہ 20  سے زیادہ اسکور نہ کر سکے اور انھیں پھر موقع نہیں دیا گیا تھا۔ پانچ سال بعد 2013 میں مڈل سیکس کی طرف سے کھیلتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے کے بعد اوپنر کی حیثیت سے ایشز کے لئے انھیں دوبارہ منتخب کیا گیا۔ انھوں نے اس سیریز میں تین سنچریاں اسکور کیں اور آسٹریلیا نے سیریز5-0  سے اپنے نام کر لی تھی۔راجرز نے اس سال کے ابتدا میں ریکاڈ ساز سات نصف سنچریاں بنائیں تاہم زخمی ہونے کی وجہ سے وہ رواں سال جون میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلی گئی ٹسٹ سیریز میں شرکت نہ کر سکے۔انھوں نے کہا  مجھے سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔راجرز نے کہا کہ ’لوگوں نے مجھ سے کہا تھا کہ جب صحیح وقت آئیگا تو تمھیں خود ہی اس کا اندازہ ہوجائے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ صحیح وقت ہے۔

TOPPOPULARRECENT