Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / کرشنا پشکرالو کے انتظامات میں مزید بہتری پیدا کرنے کی ہدایت

کرشنا پشکرالو کے انتظامات میں مزید بہتری پیدا کرنے کی ہدایت

سیاحت کے فروغ میں ممد و معاون ، چیف منسٹر اے پی چندرا بابو کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست  نیوز) ریاست آندھرا پردیش میں منظم کئے گئے ’’ کرشنا پشکرالو ‘‘ کیلئے جیسے جیسے عقیدتمندوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے انتظامات میں مصروف ملازمین و عہدیداروں میں زبردست خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے بلکہ خدمت کے جذبہ میں اتنا ہی اضافہ ہورہا ہے۔ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو جو آج وجئے واڑہ میں کرشنا پشکرالو کے انتظامات پر عہدیداروں کے ہمراہ ٹیلی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے کہا کہ پشکرالو کے انتظامات میں مزید بہتری پیدا کرنے کیلئے ملازمین اور عہدیداروں میں مزید خوشی کا اظہار پایا جانا چاہیئے۔ بتایا جاتا ہے کہ دوران ٹیلی کانفرنس مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے چھوٹے بچوں کیلئے مفت دودھ کی سربراہی کرنے والے رضاکارانہ اداروں ( تنظیموں ) کی زبردست ستائش کرتے ہوئے انہیں پرخلوص مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ اس بات کی ہدایت دی کہ پانی کی سطح میں اضافہ پائے جانے والے بوندوگولا، ستراشالہ و دیگر گھاٹس کے پاس بڑے بڑے پولس کی تنصیب عمل میں لائی جائے۔ علاوہ ازیں ریلوے پشکر نگر میں یاتریوں کے آرام کرنے کے مقام پر کارپٹس ڈالنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ رضاکارانہ طور پر یاتریوں کو مفت کھانے کی تقسیم عمل میں لانا بھی قابل ستائش اقدام ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ کرشنا پشکرالو کے لئے کئے گئے انتظامات کی بیرونی ممالک کے سیاح بھی زبردست ستائش کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں چائیلڈ ٹریسنگ یاتریوں سے بہتر ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ دھوپ کی شدت و تمازت کی پرواہ کئے بغیر تیز دھوپ کے باوجود عقیدتمند پشکرالو میں ڈُبکی ( نہارہے ہیں) لگارہے ہیں۔ اب تک سات دن کے دوران زائد از پانچ لاکھ افراد نے کرشنا پشکرالو میں اپنی مقدس ڈُبکیاں لگائیں۔ بالخصوص امراوتی کے پاس کئے گئے انتظامات کی روشنی میں زائد از دو لاکھ عقیدتمندوں نے مقدس ڈُبکی لگائی۔ انہوں نے بتایا کہ پشکرالو کے انتظامات میں روزانہ ایک لاکھ ملازمین حصہ لے رہے ہیں۔ چیف منسٹر  چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں سیاحت کے فروغ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پشکرالو بھی آندھرا پردیش میں سیاحت کو فروغ دینے میں کافی ممد و معاون ہوں گے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں و ملازمین پر زور دیا کہ عقیدتمندوں میں پشکرالو کیلئے کئے گئے انتظامات کے تعلق سے صد فیصد اطمینان پیدا کرنے کے اقدامات کریں۔

TOPPOPULARRECENT