Wednesday , December 12 2018

کرناٹک اسمبلی انتخابات ۔تنہا مقابلہ کرنے جے ڈی ایس کا فیصلہ

بنگلور 22جنوری(سیاست ڈاٹ کام)جنتادل ایس نے جاریہ سال کے اوائل میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں 224نشستوں پرتنہا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پارٹی بائیں بازو کی جماعتوں کو چند نشستیں چھوڑنے پر غور کر رسکتی ہے ۔ پارٹی کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے یہ بات بتائی۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس یا بی جے پی سے کسی بھی قسم کا انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا اور جے ڈی ایس سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی سے بھی کوئی مفاہمت نہیں کرے گی۔اس سوال پر کہ آیا مابعد انتخابات معلق اسمبلی کی صورت میں کیا کانگریس کی حمایت کی جائے گی تو انہوں نے کہاکہ”میں نے 58نشستوں پر جے ڈی ایس کی کامیابی کے باوجود 2004میں کانگریس کی حمایت کرتے ہوئے اپنی انگلیاں جلالی تھیں۔”گوڑا نے کہاکہ ان کی پارٹی ہر ضلع سے کم از کم ایک نشست پر کامیابی کی بھرپور کوشش کرے گی تاکہ اس بات کویقینی بنایاجاسکے کہ اسمبلی میں تمام اضلاع کی نمائندگی ہوسکے ۔امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل فروری کے اواخر میں دی جائے گی ۔پارٹی اپنے اصولوں اور پالیسیوں کی بنیاد پر ووٹ مانگے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی فروری کے دوسرے ہفتہ میں بنگلور میں ایک ریلی کا اہتمام کرے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ انہیں اس بات سے مایوسی ہوئی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی مہادائی مسئلہ پر خاموش ہیں۔انہیں چاہئے کہ وہ مداخلت کرتے ہوئے کرناٹک اور گوا کے درمیان مہادائی کے پانی کے اس مسئلہ کوٹریبونل کے باہر حل کریں جس کی تجویز کرناٹک نے دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT