Friday , October 19 2018
Home / شہر کی خبریں / کرناٹک اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا دورہ سکریٹریٹ و اردو اکیڈیمی

کرناٹک اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا دورہ سکریٹریٹ و اردو اکیڈیمی

سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی سے ملاقات
حیدرآباد ۔27۔ نومبر (سیاست نیوز) کرناٹک اقلیتی بہبود کے دو اعلیٰ عہدیداروں نے آج سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں اردو زبان کی ترقی و ترویج کی اسکیمات سے آگہی حاصل کی۔ سابق صدرنشین کرناٹک اردو اکیڈیمی عزیز اللہ بیگ ریٹائرڈ آئی اے ایس اور انیس سراج سکریٹری اقلیتی کمیشن کرناٹک نے سکریٹریٹ میں یہ ملاقات کی اور بعد میں دفتر اردو اکیڈیمی حج ہاؤز کا دورہ کیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کرناٹک کے عہدیداروں کو تلنگانہ حکومت کے مختلف اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے مختلف نئی اسکیمات پر عمل کر رہی ہے۔ عمر جلیل نے خاص طور پر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کا ذکر کیا جس کے تحت بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کیلئے 20 لاکھ روپئے کی امداد دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد فراہم کرنے شادی مبارک اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے ریاست بھر میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے حالیہ فیصلہ کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت نے 66 مترجمین کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے جس کی ذمہ داری اردو اکیڈیمی کو دی گئی ہے ۔ اکیڈیمی کی جانب سے ہر سال مولانا آزاد اور مخدوم قومی ایوارڈس پیش کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکر دگی پر کارنامہ حیات ایوارڈ پیش کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فروغ اردو کے سلسلہ میں تلنگانہ اردو اکیڈیمی کو حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے عازمین حج کے انتظامات اور حج کیمپ کی تفصیلات سے بھی واقف کرایا ۔ کرناٹک کے عہدیداروں نے تلنگانہ حکومت کی اسکیمات اور اقلیتی بہبود کی کارکردگی کی ستائش کی ۔ انہوں نے اردو مسکن کا دورہ کیا ۔ کرناٹک کے عہدیداروں نے سید عمر جلیل اور پروفیسر ایس اے شکور کو کرناٹک کے دورہ کی دعوت دی۔

TOPPOPULARRECENT