کرناٹک :بی جے پی کے 82امیدواروں کا اعلان

نئی دہلی ۔16 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی نے آج اپنے مزید 82 امیدواروں کی فہرست جاری کردی جس میں کانکنی کے داغدار ارب پتی تاجر گالی جناردھن ریڈی کے بڑے بھائی اور سابق چیف منسٹر ایس بنگارپا کے فرزند بھی شامل ہیں۔ دوسری فہرست کی اجرائی کے ساتھ بی جے پی کے معلنہ امیدواروں کی تعداد 154 ہوگئی ہے ۔ 224 رکنی کرناٹک اسمبلی کیلئے 12 مئی کو رائے دہی ہوگی اور 15مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ بی جے پی کی دوسری فہرست کے مطابق گالی جناردھن ریڈی کے بڑے بھائی جی سوما شیکھر ریڈی کو بیلاری سٹی سے امیدوار بنایا گیا ہے اور کمارا بنگارپا حلقہ سوراب سے مقابلہ کریں گے ۔ چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے بی جے پی کے امیدوار بی ایس یدی یورپا کے قریبی ساتھی کرشنیا شٹی کو حلقہ مالور سے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ ورونا بھی ان حلقوں میں شامل ہے جہاں سے بی جے پی تاحال اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کی ہے ۔ یدی یورپا کے فرزند حلقہ ورونا کیلئے ایک طاقتور دعویدار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT