Thursday , December 14 2017
Home / ہندوستان / کرناٹک لوک آیوکت کے فرزند کا پولیس ریمانڈ

کرناٹک لوک آیوکت کے فرزند کا پولیس ریمانڈ

بنگلورو۔/28جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک آیوکت عدالت نے آج رشوت ستانی اسکینڈل میں گرفتار ریاستی لوک آیوکت بھاسکر راؤ کے فرزند کو 10یوم کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تحویل میں دے دیا ہے جبکہ یہ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد انسداد رشوت ستانی کا ادارہ شک و شبہ کے گھیرے میں آگیا تھا۔ استغاثہ نے جسٹس جی وی بوپیا کے روبرو یہ استدلال پیش کیا کہ حقائق کا پتہ چلانے کیلئے اشوینی کمار کو کم از کم 14یوم کیلئے ایس آئی ٹی کی تحویل میں دینا ضروری ہے کیونکہ اسکینڈل کی وجہ سے لوک آیوکت کا وقار داؤ پر لگ گیا ہے۔ تاہم وکیل صفائی نے اشوینی کمار کو ریمانڈ میں دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ کیس میں کوئی دستاویزی ثبوت نہیں ہے محض ایک شکایت پر انہیں گرفتار کیا گیا جبکہ ایف آئی آر داخل کرنے سے ڈھائی گھنٹے قبل حیدرآباد میں ملزم کی گرفتاری سے شک و شبہ پیدا ہوگیا ہے۔ عدالت نے استغاثہ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اشوینی کمار کو ایس آئی ٹی کی تحویل میں دے دیا۔

 

کشمیر میں اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ ضبط
سرینگر۔/28جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) شمال کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں سیکوریٹی فورسیس نے ایک جنگلاتی علاقہ میں عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانے کا پتہ چلا کر اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر پولیس اور فوج نے گنڈ گھوشی فاریسٹ ایریا میں مشترکہ تلاشی مہم شروع کی  اور عسکریت پسندوں کا خفیہ ٹھکانہ بے نقاب کردیا اور اسلحہ و گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ بشمول 12ہینڈ گرنیڈس، ایک AK56 رائفل، 3اے کے میگزینس، 383اے کے گولیاں ، ایک پستول اوردو میگزینس برآمد کرلئے گئے۔

TOPPOPULARRECENT