Saturday , November 18 2017
Home / ہندوستان / کرناٹک ملک کی سب سے زیادہ رشوت خور ریاست :جگدیش شٹار

کرناٹک ملک کی سب سے زیادہ رشوت خور ریاست :جگدیش شٹار

بنگلور14جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹار نے آج کہا ہے کہ ریاست کرناٹک ملک کی سب سے زیادہ رشوت خور ریاست کے طور پر ابھری ہے اور کانگریس حکومت کے 4سالہ دور کا یہی ایک کارنامہ ہے ۔انہو ں نے مختلف محکمہ جات کے لئے بجٹ کی رقومات کے الاٹمنٹ کے مطالبات زر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ہر محکمہ میں زیادہ سے زیادہ سطح تک رشوت خوری میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت اس لعنت کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔غیر قانونی ریت کی کانکنی زیادہ سے زیادہ سطح تک ہوگئی ہے ۔ مختلف کاموں کے لئے رشوت مقرر کی گئی ہے اور رشوت دیئے بغیر پی ڈبلیو ڈی اور محکمہ پولیس میں کوئی کام نہیں ہورہا ہے ۔رشوت نہ لینے پر سینئر افسروں کی جانب سے خاتون افسروں کو ہراساں کیاجارہا ہے اور انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ شہر میں حالیہ بارش کے دوران ایک بلدی ورکر مین ڈرینیج میں بہہ گیا اور اس کی بیوی نے الزام لگایا کہ معاوضہ کی اجرائی کے لئے افسروں نے اس سے رشوت طلب کی ہے ۔یہ ریاست کی خراب صورت حال ہے ۔ کرناٹک میں ایک نجی ادارہ کی جانب سے کئے گئے سروے میں ریاست رشوت خوری میں سرفہرست ریاست کے طور پر ابھری ہے او ریہی سدارامیا حکومت کا ایک کارنامہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سدارامیا کی زیر قیادت کانگریس حکومت نے اپنے 4سالہ دور حکمرانی میں 2,42,420کروڑ روپے کا قرض حاصل کرتے ہوئے کرناٹک کو قرض کے جال میں مبتلا کردیا ہے ۔جگدیش شٹار نے کہا کہ فی کس قرض کا بوجھ بڑھ کر ریاست کے 6.3کروڑ شہریوں میں سے ہر ایک پر 35ہزار روپے تک ہوگیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT