Monday , November 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کرناٹک میں امیت شا ہ کا کھیل نہیں چلے گا

کرناٹک میں امیت شا ہ کا کھیل نہیں چلے گا

پی سی سی دفتر میں صدر کرناٹک کانگریس پرمیشورکاخطاب

بنگلورو۔16اگسٹ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ گجرات اور اترپردیش میں بھلے ہی بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کا کھیل کامیاب ہوا ہو، لیکن کرناٹک میں یہ کھیل نہیں چلے گا۔کل کے پی سی سی دفتر میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ہمراہ ترنگا لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے بعض ریاستوں میں انتخابات کے مرحلے میں ووٹنگ مشینوں کے غلط استعمال کے ثبوت سامنے آگئے ہیں، ایسے حربے کرناٹک میں چلنے نہیں دئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ امیت شاہ کے آنے سے کرناٹک میں کانگریس پر لرزہ طاری ہوگیا ہے، ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی لیڈروں پر ہوسکتا ہے کہ لرزہ طاری ہوگیا ہو،کیونکہ اطلاعات تو یہی مل رہی ہیں کہ امیت شاہ نے اپنی ہی پارٹی کے لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کی ناقص کارکردگی پر تنقید کی۔ پرمیشور نے کہاکہ کانگریس نے ہمیشہ ترقی کی بات کی ہے اور بی جے پی نفرت کی سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت پر کرپشن کا الزام درست نہیں ہے، کیونکہ امیت شاہ اگر بدعنوان عناصر کے بغل میں بیٹھ کر حکومت پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں تو انہیں تشریح کرنی چاہئے کہ ان کی نظر میں کرپشن کیا ہے؟۔ بی جے پی لیڈر شاید بھول چکے ہیں کہ غیر قانونی طور پر خام لوہا فروخت کرکے ریاست کو لوٹنے اور چیک کی شکل میں رشوت لیتے ہوئے بی جے پی کے ہی لوگ بے نقاب ہوئے ہیں، کانگریس کے نہیں۔انکم ٹیکس کے چھاپوں کو معمول کا ایک حصہ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ ڈی کے شیوکمار کو جس طرح نشانہ بنایا گیا اس سے ظاہر ہوتاہے کہ بی جے پی سیاسی فائدہ کیلئے آئینی ایجنسیوں کا غلط استعمال کررہی ہے۔محکمۂ انکم ٹیکس کی طرف سے شیوکمار کے ٹھکانوں پر چھاپوں کا کسی کو اعتراض نہیں ہے، لیکن جس وقت چھاپے مارے گئے اس سے یہ بات عوام پر کھل گئی ہے کہ مرکزی حکومت ان محکموں کا غلط استعمال کررہی ہے۔ یڈیورپا کو رشوت خوری کے الزامات میں سی بی آئی کی طرف سے کلین چٹ دئے جانے پر ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ کس طرح یڈیورپا نے کلین چٹ حاصل کی ہے یہ سب جانتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل شہر میں اندرا کینٹین کا افتتاح کرنے کیلئے پارٹی نائب صدر راہول گاندھی آرہے ہیں ، اس موقع پر آنے والے انتخابات کی تیاری کے طور پر نیشنل کالج میدان میں ایک بہت بڑا جلسۂ عام منعقد کیاگیا ہے۔ جس میں تقریباً ایک لاکھ پارٹی کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT