Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / کرناٹک میں بیالٹ پیپر استعمال کرنا ضروری

کرناٹک میں بیالٹ پیپر استعمال کرنا ضروری

چیف منسٹر کرناٹک کو بھی ای وی ایم پر عدم اعتماد ، الیکشن کمیشن آف انڈیا سے شکایت
حیدرآباد۔20ڈسمبر(سیاست نیوز) کرناٹک میں انتخابات بیالٹ پیپر پر کروائے جائیں تاکہ انتخابی عمل میں شفافیت کو برقرار رکھا جاسکے ۔ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر سے عوامی اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے اور الکٹرانک ووٹنگ مشین پر اب تو چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدارامیا کو بھی اعتماد باقی نہیں رہا۔چیف منسٹر کرناٹک نے آئندہ سال مارچ میں منعقد ہونے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں الکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال نہ کرنے اور اس کی جگہ سابقہ طریقہ کار بیالٹ پیپر کے ذریعہ انتخابات منعقد کروانے کے مطالبہ کرتے ہوئے اپنے خدشات ظاہر کردیئے ہیں۔ الکٹرانک ووٹنگ مشین سے اگر چھیڑ چھاڑ کی گنجائش ہے تو ایسی صورت میں برسراقتدار سیاسی جماعت کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی اور نہ ہی جمہوری نظام میں شفافیت برقرار رہ پائے گی اسی لئے چیف منسٹر کرناٹک کے مطالبہ کا احترام کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کوبیالٹ پیپر کے ذریعہ کرناٹک اسمبلی انتخابات منعقد کرواتے ہوئے عوامی اعتماد کو بحال کرنا چاہئے کیونکہ جب خود ایک ریاست کے چیف منسٹر نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے تو عوام اور رائے دہندوں کو کس طرح مطمئن کیا جاسکے گا؟ رائے دہی کے فیصد میں گراوٹ کو روکنے اور رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن اگر عوام کے ذہنوں میں یہ بات رہ جاتی ہے کہ الکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعہ کچھ بھی ممکن ہے تو ایسی صور ت میں عوام خود رائے دہی سے دور ہونے لگیں گے۔اتر پردیش اور دہلی انتخابات کے دوران بھی الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں کی جانے والی دھاندلیوں کی شکایات منظر عام پر آئی تھیں لیکن گجرات اسمبلی انتخابات کے دوران یہ شکایت عام شہریوں کی شکایت بن چکی ہے جبکہ اترپردیش انتخابات کے نتائج کے بعد سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اس بات کی شکایت کی تھی اس کے باوجود الیکشن کمیشن نے اس پر کاروائی کرنے کے بجائے سیاسی جماعتوں کی رائے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا اور اب گجرات انتخابات کے دوران الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں دھاندلی کی شکایات تیزی سے کی جانے لگی ہیں اور ان شکایات کے دوران ہی جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک کے مجوزہ انتخابات میں بیالٹ پیپر کے استعمال کا خود چیف منسٹرنے مطالبہ کرتے ہوئے اپنے ذہنی تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اگر ایسا نہیں کیا جاتاہے تو رائے دہی کے فیصد میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT