Friday , July 20 2018
Home / Top Stories / کرناٹک میں ہندو ۔ مسلم نفرت پھیلا کر انتخابی مقابلہ

کرناٹک میں ہندو ۔ مسلم نفرت پھیلا کر انتخابی مقابلہ

آنے والے انتخابات ہندوؤں کی عزت نفس کا سوال ہے ، بی جے پی رکن اسمبلی وی سنیل کمار کا متنازعہ ریمارک
بنگلورو۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں ایک بی جے پی رکن اسمبلی نے متنازعہ ریمارک کرتے ہوئے دعویٰ کہ کرناٹک میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بنتوال حلقہ اسمبلی میں انتخابی مقابلہ راجیش نائیک اور رام ناتھ رائے کے درمیان نہیں بلکہ ’’لارڈ رام‘‘ اور ’’اللہ‘‘ کے درمیان ہوگا۔ انہوں نے اکثریتی طبقہ کو مشتعل کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ہندوؤں کی عزت نفس کا سوال ہے کہ وہ اس حلقہ سے ’’اللہ‘‘ کو کامیاب بناتے ہیں یا ’’رام‘‘ کو۔ وی سنیل کمار جو حلقہ اسمبلی کارکلا سے بی جے پی کی نمائندگی کرتے ہیں، نے یہ ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے الیکشن میں یہ اہم انتخابی موضوع ہوگا۔ انہوں نے اس ریمارک کیلئے ایک ریاستی وزیر کو ذمہ دار قرار دیا جنہوں نے اپنی متواتر 6 بار کی کامیابی کو سکیولر پسند ہندوؤں، مسلمانوں اور اللہ رب العزت کی مہربانیوں کو قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال کے اواخر میں کرناٹک میں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ واضح رہے کہ کمار نے کہا کہ بنتوال رکن اسمبلی رام ناتھ رائے نے حال ہی میں اپنے ایک خطاب میں کہا کہ وہ مسلسل حلقہ اسمبلی بنتوال سے 6 مرتبہ کامیاب ہوئے ہیں جوکہ سکیولر پسند افراد خصوصاً مسلمان اور اللہ تعالیٰ کی مہربانی ہے جس پر وی سنیل کمار نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن ہندوؤں کیلئے عزت نفس کا معاملہ بن چکا ہے، میں رام ناتھ رائے کا بیان اخبارات میں پڑھ کر حیران رہ گیا۔ آخر ایک رکن اسمبلی جو اس حلقہ سے مسلسل 6 مرتبہ محض اس لئے کامیاب ہوا کہ ان کے ساتھ مسلمانوں اور اللہ کی مہربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے دوستوں اور چاہنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آنے والا الیکشن راجیش نائیک (بی جے پی) اور رام ناتھ رائے کے درمیان نہیں ہوگا بلکہ یہ مقابلہ مسلمانوں کے ’’اللہ‘‘ اور ہندوؤں کے ’’رام‘‘ کے درمیان ہوگا۔ اب یہ بنتوال حلقہ کے پورے ضلع کے ہندوؤں کی عزت نفس کا سوال ہے کہ وہ کسے کامیاب بنانا چاہتے ہیں، لارڈ رام کو یا اللہ کو۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں یہ ایک اہم موضوع ہوگا۔ کمار جو کہ ریاستی اسمبلی میں بی جے پی کے چیف وہپ بھی ہیں، کہا کہ اگر کوئی اپنی مسلسل کامیابی کو مسلمانوں کی مرہون منت اور اللہ تعالیٰ کی مہربانی قرار دیتا ہے تو پھر بنتوال کے عوام کو بھی یہ سوچنا چاہئے کہ وہ کس پر فخر کرنا چاہتے ہیں۔ لارڈ رام پر یا اللہ پر۔ انہیں آنے والے اسمبلی انتخابات میں اپنا فیصلہ سنا دینا چاہئے۔ بی جے پی رکن اسمبلی وی سنیل کمار گزشتہ روز بی جے پی کی ایک ریالی سے خطاب کررہے تھے ۔ بظاہر اکثریتی طبقہ کو اُکسانے والے اس ریمارک کے ذریعہ بی جے پی قائد نے انتخابی ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ہے جہاں بی جے پی اس جنوبی ہند کی ریاست میں اپنے قدم جمانے کی جان توڑ کوششوں میں مصروف ہے۔

TOPPOPULARRECENT