Wednesday , May 23 2018
Home / Top Stories / کرناٹک میں 70% رائے دہی ، کانگریس دوسری میعاد کیلئے پُرامید

کرناٹک میں 70% رائے دہی ، کانگریس دوسری میعاد کیلئے پُرامید

BELAGAVI, MAY 12 (UNI):- Voters showing voter IDs in a que before casting their votes, at Yamakanamardi constiuency in Belagavi district on Saturday. UNI PHOTO-3U

اقتدار پر قبضہ کیلئے بی جے پی بھی سرگرم، معلق اسمبلی کی صورت میں جنتا دل (ایس) کو فیصلہ کن موقف ، منگل کو نتائج کا اعلان

بنگلورو۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک اسمبلی کے انتخاب کیلئے ریکارڈ 70% رائے دہی ہوئی۔ حکمراں کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی کیلئے یکساں طور پر وقار کا مسئلہ سمجھے جانے والے ان انتخابات میں یہ دونوں ہی جماعتیں اقتدار پر توجہ مرکوز کرچکی ہیں۔ سہ رخی مقابلے کے ساتھ ہونے والے انتخابات میں معلق اسمبلی کا امکان ہے جس کے پیش نظر جنتا دل (سکیولر) کو ’’بادشاہ گر‘‘ کا موقف حاصل ہوسکتا ہے، لیکن اہم جماعتوں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کے پیش نظر سخت ترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے اور الیکشن کمیشن نے سارے عمل کی کڑی نگرانی کی۔ 224 کے منجملہ 222 حلقوں میں آج صبح رائے دہی کا آغاز ہوا۔ اس دوران اکثر مقامات پر رائے دہندوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ کرناٹک میں 1985ء کے دوران رام کرشنا ہیگڈے کی قیادت میں جنتا دل نے لگاتار دوسری مرتبہ اقتدار پر قبضہ کیا تھا جس کے بعد سے تاحال کسی بھی جماعت کو لگاتار دوسری اقتدار حاصل نہیں ہوسکا ہے۔ تاہم چیف منسٹر سدا رامیا دوسری میعاد کیلئے بھی اقتدار پر اپنی جماعت کانگریس کا قبضہ برقرار رکھتے ہوئے ایک نئی تاریخ بنانے کی بھرپور مساعی کئے ہیں۔ دوسری طرف کانگریس سے اقتدار چھین لینے بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگا چکی ہے۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے اپنی پارٹی کی تنہا مہم چلائی تھی جبکہ بی جے پی کی مہم میں وزیراعظم نریندر مودی سب سے زیادہ سرگرم رہے۔ ان کے علاوہ بی جے پی کے صدر اور متعدد مرکزی وزراء اور پارٹی قائدین بھی اس ریاست میں کیمپ کئے ہوئے تھے۔ منگل 15 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور شام تک نتیجوں کا اعلان کردیا جائے گا۔

بی جے پی کو 60 تا 70 نشستیں
ملیں گی : کھرگے
کلبرگی۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے کرناٹک انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کا یقین ظاہر کیا اور کہا کہ بی جے پی 60 تا 70 نشستوںسے زائد کامیابی حاصل نہیں کرپائے گی۔ انہیں 150 کا عدد بھول جانا چاہئے۔ کھرگے نے کہا کہ بی جے پی ، حکومت سازی کا خواب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بی جے پی 60 تا 70 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل نہیں کرپائے گی۔ اسی دوران کرناٹک بی جے پی کے وزیراعلیٰ کے امیدوار یدی یورپا نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی 150 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکومت بنائے گی۔

TOPPOPULARRECENT