Monday , November 20 2017
Home / ہندوستان / کرناٹک کیلئے علحدہ پرچم کی تیاری کی مساعی

کرناٹک کیلئے علحدہ پرچم کی تیاری کی مساعی

چیف منسٹر سدارامیا کی طرف سے 9 رکنی کمیٹی کا قیام
بنگلورو ۔18جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کرناٹک نے اس ریاست کیلئے علحدہ پرچم کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ جس پر حریف اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کے بعد چیف منسٹر سدارامیا نے پوری شدت کے ساتھ اس اقدام کی مدافعت کی ہے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہیکہ کانگریس حکومت کی طرف سے ایک 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کو ریاست کے لئے علحدہ پرچم کی تزائین اور اس کو قانونی موقف دلانے کے اُمور پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اگر یہ پرچم وجود میں آتا ہے تو جموں و کشمیر کے بعد کرناٹک اپنا علحدہ پرچم رکھنے والی ملک کی دوسری ریاست بن جائے گی ۔ جموں و کشمیر کو دستور کی دفعہ 370 کے خصوصی موقف کے تحت علحدہ پرچم رکھنے کا اختیار ہے ۔ محکمہ کنڑا و تہذیب کے پرنسپال سکریٹری اس کمیٹی کی قیادت کریں گے ۔ کنڑا کے نامور ادیب اور صحافی پاٹل پوٹیّا اور سماجی جہد کار کنڈپّا گڈاڈر کی جانب سے گزشتہ ماہ کی گئی نمائندگی کے بعد اس کی تشکیل عمل میں آئی ہے ۔ پوٹیّا اور گڈاڈا نے اپنی نمائندگی میں حکومت سے ’کنڑا ناڈو ‘کے لئے ایک علحدہ پرچم کی تزئین اور اس کو قانونی موقف دلانے کی درخواست کی تھی ۔ 9 رکنی کمیٹی میں محکمہ جات پرسونل و انتظامی خدمات ، داخلہ ، قانون ، پارلیمانی اُمور کے معتمدین کے علاوہ کنڑاساہتیہ پریشد کے صدر ، فروغ کنڑا اتھاریٹی اور کنڑا یونیورسٹی ہمپی کے وائس چانسلر بھی شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT