Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / کرناٹک کے تمام سرکاری شعبوں میں اقلیتوں کو نمائندگی

کرناٹک کے تمام سرکاری شعبوں میں اقلیتوں کو نمائندگی

مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت سنجیدہ ،چیر مین اقلیتی کمیشن سید مسعود فوجدار

مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت سنجیدہ ،چیر مین اقلیتی کمیشن سید مسعود فوجدار
حیدرآباد۔15ڈسمبر(سیاست نیوز) اقلیتوں کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میںکرناٹک حکومت کو سنجیدہ قراردیتے ہوئے چیرمن مائناریٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن حکومت کرناٹک جناب سید مسعود فوجدار نے کہاکہ کرناٹک کے تمام سرکاری شعبے جات میں موجودہ حکومت نے اقلیتوں کو نمائندگی کا موقع فراہم کیا ہے بالخصوص مسلم اقلیت کے چھ قائدین کو حکومت کی زیر نگرانی چلائے جارہے کارپوریشن کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔اپنے حیدرآباد کے دورے کے موقع پر جناب سید مسعودفوجدار نے کہاکہ اقلیتی محکموں کے علاوہ دیگر محکموں میںبھی وائس چیرمن کے عہدوں پر مسلم قائدین کاتقرر عمل میںلاتے ہوئے حکومت نے مسلم اقلیت کے اندر پائے جانے والی احساس کمتری کو دور کیا ہے۔دو اراکین قانون ساز کونسل کے عہدوں پر بھی مسلم اقلیت سے نمائندگی دیکر حکومت کرناٹک نے ریاست میںاقلیتوں بالخصوص مسلم اقلیت کی فلاح وبہبود وترقی کو یقینی بنانے کی پہل کی ہے۔ انہوں نے حکومت کرناٹک کی جانب سے کے ایم ڈی ڈبیلو اسکیم کے تحت 362کروڑ روپئے کے قرضے جات بھی معاف کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے 90فیصد استفادہ کنندگان کا تعلق مسلم اقلیتی طبقے سے ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کے اقلیتی بجٹ کے متعلق انہوں نے کہاکہ حکومت کرناٹک نے ریاست کے اقلیتی طبقات کی ترقی اورفلاح وبہبود کے لئے 1050کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔انہو ں نے میناریٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کرناٹک کو جاری کئے گئے 160کروڑ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ مائیکرو لون کے تحت3530افراد میں نو کروڑ روپئے کی تقسیم عمل میں لائی جاچکی ہے اور تعلیمی قرض کے طور پر پچاس کروڑ روپئے جاری کئے گئے جس میں13788طلبہ میں پیشہ ورانہ اور ٹکنیکل کورسس کے لئے قرض دیا گیا۔اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے لئے بھی گنگا کلیان کے نام سے موسوم کردہ اسکیم کے تحت27کروڑ روپئے کی اجرائی اور تقسیم عمل میںلائی گئی ۔انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کرناٹک اقلیتی طبقات کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدام عمل میں لارہی ہے۔انہوں نے میناریٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے ریاست کے اقلیتی طبقات کی ہر ممکن مدد اور ترقی کو یقینی بنانے کا عزم کے بھی اس موقع پر اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT