Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / کرناٹک کے وزیر شیوکمار کیخلاف محکمہ انکم ٹیکس کے دھاوے جاری

کرناٹک کے وزیر شیوکمار کیخلاف محکمہ انکم ٹیکس کے دھاوے جاری

بنگلورو 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر ڈی کے شیوکمار سے تعلق رکھنے والی مختلف جائیدادوں پر انکم ٹیکس کے دھاوے آج لگاتار تیسرے روز جاری رہے جس کے تناظر میں چیف منسٹر سدارامیا نے اِسے مرکزی حکومت کی طرف سے سیاسی مقصد براری والا اقدام قرار دیا۔ اِن تلاشیوں کے دوران سی آر پی ایف کو استعمال کرتے ہوئے آئی ٹی کے جاسوسوں اور عہدیداروں کی کارروائی کا مسئلہ اُٹھاتے ہوئے اُنھوں نے بی جے پی پر شدید تنقید کی کہ وہ اِسے کرپشن کے خلاف لڑائی قرار دے رہی ہے حالانکہ خود اُس کے اکثر قائدین کو رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا ہے۔ سیاسی طوفان مچانے والے انکم ٹیکس دھاوؤں میں محکمہ نے چہارشنبہ کو شیوکمار سے تعلق رکھنے والی مختلف جائیدادوں کے بارے میں اپنی چھان بین شروع کی تھی۔ شیوکمار اُن 44 گجرات کانگریس ایم ایل ایز کی شہر کے مضافات میں واقع ایک تفریح گاہ میں میزبانی کررہے ہیں تاکہ راجیہ سبھا چناؤ سے قبل اُنھیں اپنی طرف راغب کرنے کی بی جے پی کی مبینہ کوششیں ناکام بنائی جاسکیں۔

صدر کانگریس سونیا گاندھی کے معتمد سیاسی احمد پٹیل کو اِس الیکشن میں سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ مبینہ ٹیکس چوری کے کیس کے بہانے ملک بھر کے تقریباً 66 مقامات پر کی گئی تلاشیوں کے دوران آئی ٹی عہدیداروں نے کہاکہ اُنھوں نے ابھی تک زائداز 15 کروڑ روپئے مالیت کی نقدی اور جیویلری ضبط کی ہے۔ سدارامیا نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ یہ دھاوے سیاسی مقصد براری، اِس کے وقت سے بھی صاف ظاہر ہوتا ہے کہ سیاسی مقاصد مطلوب ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ میں کسی کے بھی خلاف دھاوا کرنے یا تلاشی لینے کا مخالف نہیں ہوں لیکن جو وقت اُنھوں نے منتخب کیا ہے اِس سے مرکزی حکومت اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے ارادے ظاہر ہوجاتے ہیں۔ چہارشنبہ کو سدارامیا نے ایک بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ محکمہ انکم ٹیکس کی کارروائی بی جے پی کے خلاف اُٹھنے والی آواز کو خاموش کرنے کی کوشش ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا وہ سمجھتے ہیں کہ شیوکمار بے قصور ثابت ہوں گے، چیف منسٹر نے آج کہاکہ ہم کو دیکھنا پڑے گا، ابھی تک کیا کچھ حاصل ہوا ہے، ہم نہیں جانتے۔ اِن تلاشیوں کے دوران اُن کی ضبطیوں کا بھی ٹھیک ٹھیک اندازہ نہیں لیکن میری دانست میں یہ سیاسی مقصد پر مبنی اقدام ہے۔ وہ ایک وزیر ہیں۔ ریزرو پولیس کو اُن کے گھر اور دیگر مقامات کو لیجانا کچھ ٹھیک بات نہیں۔ انکم ٹیکس والوں نے زیادہ تفصیلات کا افشاء کئے بغیر کہاکہ مختلف مقامات پر تلاشیاں اور اِس ضمن میں وزیر موصوف سے پوچھ تاچھ آج بھی جاری رہی۔
شیو کمار کا بلڈ پریشر بڑھ چکا ہے : برادر سریش
اِس دوران کانگریس ایم پی ڈی کے سریش نے آج اپنے بھائی شیوکمار سے ملاقات کی جنھوں نے بتایا کہ شیوکمار کی صحت باعث تشویش ہورہی ہے۔ مجھے جیسے ہی ٹی وی چیانلوں کے ذریعہ اُن کی صحت کے بارے میں اطلاع ملی میں نے متعلقہ عہدیداروں سے ربط پیدا کرتے ہوئے اُن کی موجودگی میں اپنے برادر شیوکمار سے 10 منٹ ملاقات کی۔ مجھے معلوم ہوا کہ اُن کا بلڈ پریشر بڑھ چکا ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT