کرناٹک کے وزیر کو انڈر ورلڈ ڈان پجارا سے دھمکی آمیز کالس

میسور10جنوری (سیاست ڈاٹ کام)کرناٹک کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم تنویر سیٹھ کوانڈر ورلڈ ڈان روی پجارا سے مبینہ طور پردھمکی آمیز کال وصول ہوا ہے جس میں 10کروڑ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا بصورت دیگر ان کے قتل کی دھمکی دی گئی۔ نرسمہاراجہ حلقہ کے کانگریسی رکن اسمبلی نے شکایت درج کرواتے ہوئے الزام لگایا کہ انڈر ورلڈ ڈان روی پجارا گذشتہ 4دنوں سے ان کو دھمکی دے رہے ہیں اور 10کروڑ روپے دینے کا مطالبہ کررہے ہیں بصورت دیگر ان کے قتل کی بھی دھمکی دی گئی۔ تنویر سیٹھ نے وزیراعلی سدارامیا ‘ وزیر داخلہ راما لنگاریڈی اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو بھی اس دھمکی کے بارے میں مکتوب لکھا ہے ۔ تنویر سیٹھ نے میدکری علاقہ میں آج اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں روی پجار ا سے مبینہ طور پر ایس ایم ایس اور کال موصول ہوا ہے جس میں رقم ادا نہ کرنے پر ان کے قتل کی دھمکی دی گئی ہے تاہم سیٹھ نے کہا کہ انہیں ایسے دھمکی آمیز کالس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
ریاست کے پولیس سربراہ نے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اس مقام کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے جہاں سے یہ کال کیا گیا ۔ اس معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔ وزیر تنویر سیٹھ کے پرسونل اسسٹنٹ نے ڈی جی اور آئی جی پی نیلامنی این راجو سے اس تعلق سے شکایت کی جس میں انہوں نے کہا کہ وزیرموصوف کو انٹرنیشنل نمبرات اور انٹرنیٹ کالس سے فون اور ایس ایم ایس پیامات موصول ہورہے ہیں۔ پولیس نے وزیر موصوف کے مکان کے قریب اور بنگالورو میں سکیورٹی میں شدت پیدا کردی ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT