Sunday , December 17 2017
Home / سیاسیات / کرناٹک کے وزیر کے استعفیٰ کا مطالبہ محرکات پر مبنی

کرناٹک کے وزیر کے استعفیٰ کا مطالبہ محرکات پر مبنی

کانگریس حکومت اور کے جارج کی ساکھ متاثر کرنے بی جے پی کی سازش ، سدارامیا کا الزام
بنگالورو ۔ 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے اپنے ایک وزیر کے جے جارج کے استعفیٰ کیلئے بی جے پی کے مطالبہ کو مسترد کردیا۔ ایک پولیس عہدیدار کی موت کے ضمن میں سی بی آئی نے جارج کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا ہے اور سدارامیا نے اس مقدمہ کو بالکلیہ طور پر سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا ہے۔ چیف منسٹر نے اپنے وزیر کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’’جارج اور حکومت کی ساکھ متاثر کرنے کیلئے یہ بالکلیہ طور پر سیاسی محرکات پر مبنی مقدمہ ہے، جس میں جارج کے استعفیٰ کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘‘۔ سدارامیا کی جانب سے جارج کی پرزور دفاع سے ایک دن قبل سی بی آئی نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ایم کے گنپتی کی گذشتہ سال پراسرار حالات میں موت کے ضمن میں جارج اور دیگر دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو اس مقدمہ کی تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔ سدارامیا نے اپنے سیاسی وزراء کے اجلاس میں اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اس مسئلہ کے امکانی اثرات پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ جارج کی برطرفی کیلئے بی جے پی کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ یہ مقدمہ سیاسی محرکات پر مبنی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر اور سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا بھی بشمول دھکہ دہی کے کئی مقدمات میں ماخوذ ہیں۔

TOPPOPULARRECENT