Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / کرنسی تنسیخ پر تنخواہوں کی ادائیگی کو آسان بنانے کے اقدامات

کرنسی تنسیخ پر تنخواہوں کی ادائیگی کو آسان بنانے کے اقدامات

خانگی شعبوں کے ملازمین میں تخفیف ، ڈسمبر اختتام پر بھی غیریقینی حالات ممکن
حیدرآباد۔25ڈسمبر (سیاست نیوز) کرنسی تنسیخ کے باعث پیدا شدہ صورتحال میں فوری سدھار کے کوئی امکانات نہیں ہیں اور نہ ہی بینک سے رقم منہاء کرنے کیلئے لگائی گئی حد میں کوئی راحت حاصل ہونے کی توقع نہیں ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب 30ڈسمبر کے فوری بعد حالات میں سدھار کی توقع نہیں کی جاسکتی بلکہ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں ریاستوں کو منصوبہ بندی کی ہدایت جاری کی جا چکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت نے ریاستو ںکو جاری کردہ ہدایات میں اس بات کے اشارے دیئے ہیں کہ آئندہ ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کے لئے گذشتہ ماہ پیش آئی مشکلات کا جائزہ لیتے ہوئے اس مرتبہ حالات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ ملازمین اور وظیفہ یابان کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان ہدایات کے بعد یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ حالات میں کوئی بہتری پیدا نہیںہوگی بلکہ ریاستوں کو اپنے طور پر حالات کو معمول پر لانے کیلئے الکٹرانک طرز ادائیگی اور کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کو فروغ دینے کے اقدامات کرے۔ سرکاری ملازمین کو گذشتہ ماہ 10ہزار تک نقد ادائیگی اور اجرائی کیلئے خصوصی کاؤنٹر کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ایسا نہیں ہو پایا اور حکومت اس کیلئے اپوزیشن کو ذمہ دار قرار دے رہی ہے کیونکہ اپوزیشن نے سرکاری ملازمین کو خصوصی مراعات کی مخالفت کی تھی۔ کرنسی تنسیخ کے بعد حکومت کی جانب سے نقد کے بغیر لین دین کے فروغ کیلئے متعدد اقداما ت کے بعد انعامات کے ذریعہ عوام کو الکٹرانک ادائیگی کی سمت راغب کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ملک بھر میں سرکاری ملازمین کو نقد کے بغیر لین دین اور ادائیگیوں کے لئے راغب کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان پر بینک کھاتہ سے رقم منہاء کرنے کی حد میں تخفیف کی جائے گی تاکہ وہ نقد کے بغیر ادائیگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔حکومت کی جانب سے تمام خانگی شعبوں میں ملازمین کو چیکس یا بینک کھاتوں کے ذریعہ تنخواہوں کی ادائیگی کے احکام جاری کئے جانے کے بعد خانگی شعبوں کی جانب سے ملازمین کی تخفیف کے متعلق منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے کیونکہ جب خانگی شعبوں کی جانب سے چیک یا بینک کھاتہ کے ذریعہ تنخواہوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا تو اداروں کے ذمہ داروں کو ملازمین کو دیگر سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنانی پڑے گی اسی لئے بیشتر شعبوں میں ملازمین میں تخفیف کے متعلق منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ڈسمبر کے بعد بھی حالات میں کوئی بہتری پیدا ہونے کے امکان نہیں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT