کرنول میں عالمی تبلیغی اجتماع ‘لاکھوں مسلمانوں کی شرکت

حیدرآباد ۔ 9؍ ڈسمبر ( سیاست نیوز) عالمی تبلیغی اجتماع کرنول میں آج دوسرے دن لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی ۔ ہفتہ‘ اتوار اور پیر تین روزہ اس اجتماع میں علمائے کرام کے ایمان افروز خطاب کی سماعت کے لئے مسلمانوں کی کثیر تعداد اجتماع گاہ میں صبح سے شام دیکھی گئی ۔ یہاںوسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اجتماع کا آغاز مولانا سعد گاندھلوی کے خطاب سے ہوا تھا ۔ کرنول کے مضافات میں موضع کھنڈرا پاڈو کے قریب تقریباً 1000 ایکڑ کی وسیع و عریض اراضی پر اجتماع کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اتوار کے اجتماع میں ملک و بیرون ملک سے کئی مندوبین نے شرکت کی خاص کر متحدہ عرب امارات ‘ سعودی عرب ‘ مراقش ‘ ملایشیا اور انڈونیشیا سے بھی مندوبین کی کثیر تعداد شریک ہے ۔ پروگرام کے کوآرڈینیٹر مستان ولی کے مطابق ریاستی حکومت نے اس اجتماع کے لئے خصوصی بندوبست کیا ہے ۔ضلع کلکٹر ایس ستیہ نارائنا مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر پانی صاف صفائی اور سیکوریٹی کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ ہزاروں کی تعداد میں والینٹرس بھی اجتماع گاہ میں سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہمہ تن مصروف ہیں ۔ اجتماع گاہ میں مسلمانوں کی کثیر تعداد کو دیکھ کر اندازہ کیا جا رہا ہے کہ یہاں 25 لاکھ سے زائد افراد ملک و بیرون ملک سے یہاں پہنچے ۔ کل بروز پیر اجتماع کے آخری دن رقت انگیز دعا ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT