Monday , February 19 2018
Home / شہر کی خبریں / کرن کمار ریڈی کے بھائی کی تلگودیشم میں شمولیت کی تیاریاں

کرن کمار ریڈی کے بھائی کی تلگودیشم میں شمولیت کی تیاریاں

حیدرآباد ۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : متحدہ آندھرا پردیش کے آخری چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے بھائی این کشور کمار ریڈی نے امراوتی پہونچکر صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور تلگو دیشم میں اپنی شمولیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ کئی دنوں سے یہ افواہیں گشت کررہی تھی کہ کرن کمار ریڈی کے بھائی تلگو دیشم میں شامل ہونے والے ہیں تاہم 17 نومبر کو این کشور کمار ریڈی نے چیف منسٹر سے ملاقات کی جس کے بعد صورتحال واضح ہوگئی ۔ واضح رہے کہ جب کرن کمار ریڈی چیف منسٹر تھے تب ضلع چتور کی سیاست پر کشور کمار ریڈی کا سکہ چلتا تھا انہوں نے تلگو دیشم قائدین کے خلاف سخت موقف اختیار کیا تھا ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد اپنے بھائی کرن کمار ریڈی کی جانب سے تشکیل دی گئی جئے سمکھیا آندھرا پارٹی کے ٹکٹ پر اسمبلی حلقہ پلیر سے مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوگئے تھے ۔ کرن کمار ریڈی سیاسی سرگرمیوں سے دور ہوجانے کے بعد کشور کمار ریڈی تلگو دیشم میں شامل ہونا چاہتے ہیں مگر مقامی تلگو دیشم قائدین و کیڈر اس پر اعتراض کررہے ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو کی ہدایت پر ضلع تلگو دیشم صدر چتور این گورم کنڈہ نے ایک اجلاس طلب کرکے تمام منڈل و دیہی تلگو دیشم صدور کو طلب کیا ۔ اجلاس میں کشور کمار ریڈی کے تلگو دیشم میں شامل ہونے پر فائدے و نقصان کا جائزہ لیا گیا اور تلگو دیشم قائدین کے مفادات کا کوئی نقصان نہ ہونے کا انہیں تیقن دیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT