Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / کرون نائر 303*، انڈیا کو 282 رنز کی شاندار برتری

کرون نائر 303*، انڈیا کو 282 رنز کی شاندار برتری

چینائی، 19ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نوجوان بلے باز کرون کلادھرن نائر اپنے تیسرے ہی ٹسٹ میں ناٹ آڈٹ 303 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ہندوستان کی ٹسٹ تاریخ کے نئے ’تاریخی کھلاڑی ‘ بن گئے ہیں۔نائر نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹسٹ کے چوتھے دن اپنی ریکارڈ اننگز سے یہ کامیابی حاصل کی اور ان کی اس حیرت انگیز کارکردگی سے ہندوستان نے اپنی ٹسٹ تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بناتے ہوئے سات وکٹ پر 759 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ ہندوستان کو اس طرح 282 رنز کی بڑی برتری حاصل ہو گئی۔ نائر نے اپنے تیسرے ہی ٹسٹ میں 381گیندوں پر 32 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 303 رن کی اننگز کھیلی۔ نائر اپنی اس اننگز کے ساتھ ہی ویریندر سہواگ کے خصوصی کلب میں شامل ہو گئے جنہوں نے اس سے پہلے تک ہندوستان کی جانب سے دو ٹرپل سنچریاں بنائے تھے۔سہواگ نے مارچ 2004ء میں پاکستان کے خلاف ملتان میں 309رنز اور مارچ 2008ء میں چینائی کے اسی میدان پر 319رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں اسٹمپس تک پانچ اوور میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 12 رن بنا لئے ۔کیٹن جیننگس 9 اور السٹیر کک 3رنز بنا کر ناٹ آؤٹ واپس ہوئے۔ انگلینڈ کو اب بھی اننگز کی شکست اور 0-4 سے بچنے کیلئے 270 رن بنانے ہیں۔ میچ کے چوتھے دن کے ہیرو رہے کرناٹک کے 25 سالہ نائر نے اس تاریخی کامیابی سے پہلے تک دو ٹسٹ میچوں میں محض 17رن بنائے تھے لیکن اپنے تیسرے ٹسٹ میں انہوں نے ٹرپل سنچری بناکر نئی تاریخ رقم کرلی ۔ راجستھان کے جودھ پور میں پیدا ہوئے نائر نے اپنی اس اننگز میں متعدد ریکارڈ توڑ دیئے ۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے نائر کی ٹرپل سنچری مکمل ہوتے ہی ہندوستان کی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ٹرپل سنچری بنانے والے نائر کو ان کی اس کامیابی کیلئے مصافحہ کرتے ہوئے مبارکباد دی اور جب نائر پویلین پہنچے تو انہیں مبارکباد دینے والوں میں سب سے آگے کپتان ویراٹ تھے جنہوں نے اس نوجوان بلے باز کی پیٹھ تھپتھپائی۔ اس کے بعد باقی کھلاڑیوں نے بھی انہیں ایک کے بعد ایک مبارکباد دی۔ ہندوستان نے سات وکٹ پر 759 رنز بنا کر ٹسٹ تاریخ میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ اس سے پہلے ہندوستان کا بہترین اسکور 9 وکٹ پر 726 رن تھا جو اس نے ڈسمبر 2009ء میں سری لنکا کے خلاف ممبئی میں بنایا تھا۔ پانچویں ٹسٹ کے چوتھے دن کا کھیل مکمل طور پر نوجوان بلے باز نائر کے نام رہا۔ہندوستان نے چار وکٹ پر 391 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔ نائر 71اور مرلی وجے 17 رن پر ناٹ آؤٹ تھے ۔

TOPPOPULARRECENT