Saturday , November 25 2017
Home / سیاسیات / کرپشن کے مسئلہ پر راہول گاندھی سے جواب دینے کا مطالبہ

کرپشن کے مسئلہ پر راہول گاندھی سے جواب دینے کا مطالبہ

تنقیدوں سے لطف اندوز ہونے کے دعویٰ پر بی جے پی کا شدید ردعمل
نئی دہلی۔/3مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج راہول گاندھی سے کہا ہیکہ اپنے آپکو بے قصور ثابت کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ انہیں یا صدر کانگریس سونیا گاندھی کو نہیں بلکہ کرپشن کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بی جے پی نے کہا ہیکہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی یہ ذمہ داری ہیکہ پارٹی کے دوراقتدار میں پیش آئے ’اسکامس‘ سے متعلقہ سوالات کا جواب دیں۔ ہمارا اصل نشانہ کوئی شخصیت نہیں بلکہ کرپشن ہے چونکہ کانگریس کرپشن کی چمپین ہے اور پارٹی سے جواب طلب کرنا ایک فطری امر ہے۔ بی جے پی کے نیشنل سکریٹری سریکانت شرما نے کہاکہ کانگریس کیخلاف کوئلہ اسکام اور 2G اسکام میں الزامات وضع کئے گئے ہیں اور نیشنل ہیرالڈ کیس میں راہول گاندھی خود ماخوذ ہیں لہٰذا وہ سوالات کا جواب دینے کی بجائے اپنے آپکو معصوم ثابت کرنے کی کوشش نہ کریں۔ مسٹر شرما نے بتایا کہ ایک بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے تحقیقاتی اداروں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے CWG اور VVIP چیاپرس اسکامس میں راہول گاندھی کے مبینہ رابطوں کی چھان بین کی خواہش کی تھی جس پر کانگریس لیڈر نے کہا تھا کہ مجھے ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور نشانہ بنانے پر مجھے خوشی ہوتی ہے۔ مسٹر سریکانت شرما نے کہا کہ چوکہ بی جے پی کا ’کرپشن سے پاک انڈیا ‘ انتخابی نعرہ تھا لہٰذا اب وہ اقتدار میں آنے کے بعد انسداد کرپشن کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کی عدالت میں اگسٹا ویسٹ لینڈ معاملت میں رشوت دینے والوں کو سزا دینے کے بعد کانگریس بے نقاب ہوگئی ہے جبکہ کانگریس حکومت سال 2012میں کرپشن کا انکشاف ہونے پر اس معاملت کو منسوخ کردینے پر مجبور ہوگئی تھی اور اب پارٹی کو اس خصوص میں سوالات کا جواب دینا چاہیئے۔

TOPPOPULARRECENT