Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / کرکٹ اب نوجوانوں کیلئے کریئر بن چکا : کپل دیو

کرکٹ اب نوجوانوں کیلئے کریئر بن چکا : کپل دیو

نئی دہلی ، 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق کپتان کپل دیو نے آج نوجوانوں کیلئے کریئر کے طور پر کرکٹ کے عروج پر کہا کہ اب والدین اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے لگے ہیں کہ اس کھیل کو پیشہ کے طور پر اختیار کریں۔ کپل نے فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرز اینڈ انڈسٹری (فکی) کے زیراہتمام یہاں 7 ویں گلوبل اسپورٹس سمٹ سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اب کوئی کرکٹر (آئی پی ایل میں) صرف 40 دن کھیلتے ہوئے 10 کروڑ روپئے کی کمائی کرسکتا ہے۔ 1983ء کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان نے کہا کہ وقت بدل چکا ہے اور سوچ و فکر بھی بدل گئی ہے۔ اب والدین اپنے بچوں سے کہتے ہیں کہ اگر تم پڑھائی میں آگے نہیں بڑھنا چاہتے ہو تو کم از کم کرکٹ کھیل کر سچن تنڈولکر یا راہول ڈراویڈ بن سکتے ہو۔ کپل نے حکومت سے اپیل کی کہ درکار اسپورٹس انفراسٹرکچر بشمول کھیل کے میدان فراہم کئے جائیں، اور اسپورٹس کے سامان اور متعلقہ اشیاء پر ٹیکس گھٹایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کارپوریٹ شعبہ نے اسپانسرشپ کے ذریعے اپنا حصہ ادا کیا ہے اور میڈیا نے اسپورٹس بالخصوص کرکٹ کو نمایاں پہچان دلاتے ہوئے اپنا رول نبھایا ہے۔ ’’میرے خیال میں اگر ہندوستان چاہتا ہے کہ چمپینس پیدا ہوتے رہیں تو حکومت کو اسپورٹس انفراسٹرکچر فراہم کرتے ہوئے اپنا حصہ ادا کرنا ہوگا۔‘‘ اسپورٹس سکریٹری راجیو یادو کی موجودگی میں کپل نے کہا کہ حکومت کو اسپورٹس گڈز اور متعلقہ سامان پر ٹیکس گھٹانا پڑے گا۔ ’’میں نے سنا ہے کہ شوٹرز کو اپنے سازوسامان اور اسلحہ درآمد کرنے میں مسائل کا سامنا ہورہا ہے۔ ‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر کے ہر اسکول میں کھیل کیلئے معقول میدان ہونے چاہئیں۔ کپل کی اپیل کے جواب میں راجیو یادو نے کہا کہ اسپورٹس کیلئے بجٹ میں محدود گنجائش کی وجہ سے اُن کی وزارت کیلئے مشکل ہے کہ تمام تر سہولیات فراہم کرسکے اور انفراسٹرکچر کے فروغ کیلئے کارپوریٹ سیکٹر سے مدد کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT