کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کے امکانات

دبئی۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی حکام نے یہ تصدیق کردی ہے کہ وہ انگلینڈ کی شہر برمنگھم میں ہونے والی 2022 کامن ویلتھ گیمز میں ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ کی شمولیت کی خاطر بولی دینے کیلئے تیار ہیں۔ گورننگ باڈی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے امید ظاہر کی کہ اگر کامن ویلتھ گیمز میں ویمنز کرکٹ کی شمولیت یقینی بنانے میں کامیاب رہے تو اپنے پس منظر اورکلچر سے قطع نظر نوجوان لڑکیوں کی بڑی تعداد کرکٹ کی جانب متوجہ ہو گی۔ ڈیوڈ رچرڈسن کے بموجب وہ انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ کے ساتھ شراکت میں بولی دینا چاہتے ہیں جس کے بعد امکان ہے کہ خواتین کرکٹ کامن ویلتھ گیمز کا حصہ بن جائے گی۔ انگلش کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ کا ماننا ہے کہ اس فیصلے کے کافی مثبت نتائج سامنے آئیں گے جبکہ آسٹریلیائی قائد میگ لیننگ کے مطابق خواتین کو اپنی اہمیت منوانے کیلئے ایک اور بہترین موقع مل جائیگا۔ واضح رہے کہ بہترین آٹھ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کیلئے ایجبسٹن سمیت کئی کاؤنٹی گراؤنڈز کو گروپ مرحلے کے میچوں کیلئے قابل غورسمجھا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT