Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کریم نگر میونسپل کمشنر کو دو ماہ قید کی سزاء

کریم نگر میونسپل کمشنر کو دو ماہ قید کی سزاء

تحقیر عدالت کے مرتکب ہونے پر ہائی کورٹ کا حکم
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( ایجنسیز ) : حیدرآباد ہائی کورٹ نے رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کلکٹر کو ایک ماہ کی قید کی سزاء سنانے کے ایک دن بعد کریم نگر میونسپل کمشنر کو عدالت کے احکام کی تعمیل نہ کرنے پر دو ماہ کی جیل کی سزا سنائی ۔ کریم نگر میونسپل کمشنر کے وی رمنا چاری کو تحقیر عدالت کے ایک کیس میں دو ماہ کی قید کی سزاء سنائی گئی ۔ جسٹس ایم ایس رامچندر راؤ ایس مانماں اور دیگر دو کی جانب سے داخل کئے گئے تحقیر عدالت کے ایک کیس کی سماعت کررہے تھے ۔ جس میں انہوں نے حصول اراضی کی کارروائی شروع کرنے اور معاوضہ ادا کرنے کے لیے عدالت کے حکم مورخہ 30 جنوری 2015 کی تعمیل نہ کرنے پر اس عہدیدار کو سزاء دینے کی عدالت سے درخواست کی تھی ۔ درخواست گذاروں کے وکیل این وی رامانجم کے مطابق ان کے موکلین نے کریم نگر میں ایک اراضی خریدی تھی اور مکان کی تعمیر کے لیے پلان کی منظوری کے لیے درخواست دی تھی ۔ بلدی عہدیداروں نے اس بنیاد پر انہیں اجازت دینے سے انکار کیا کہ وہ اراضی جس پر مکان کی تعمیر کے لیے درخواست گذاروں نے درخواست داخل کی ۔ عوامی مقصد کے لیے مختص ہے ۔ اس درخواست پر توجہ دیتے ہوئے جج نے یہ دیکھا کہ اس لے آوٹ کو جس میں یہ اراضی واقع ہے 1966 میں ڈیولپ کیا گیا تھا اور اس وقت عوامی مقصد کے لیے جگہ مختص کرنے کی کوئی شرط نہیں تھی ۔ جج کو معلوم ہوا کہ اس اراضی کا ٹائیٹل درخواست گذاروں کے پاس ہے اور عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ حصول اراضی کی کارروائی کی جائے اور درخواست گذاروں کو معاوضہ ادا کیا جائے ۔ جسٹس رامچندر راؤ نے اس میں کمشنر کو قصور وار پایا اور انہیں دو ماہ کی قید کی سزاء سنائی اور 1500 روپئے جرمانہ عائد کیا ۔ تاہم جج موصوف نے اس حکم کو چار ہفتوں کے لیے معرض التواء رکھنے سے اتفاق کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT