Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / کریم نگر میں آئی ٹی ٹاور کا سنگ بنیاد

کریم نگر میں آئی ٹی ٹاور کا سنگ بنیاد

حیدرآباد 8 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج کریمنگر میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ۔ یہ آئی ٹی ٹاور 25 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس کو ایک سال میں مکمل کرلیا جائیگا ۔ یہاں آئی ٹی کمپنیوں کو کئی طرح کی سہولیات دستیاب رہیں گی ۔ آج ایک دن میں چھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے جبکہ پہلے مرحلہ میں یہاں 1000 افراد کو راست روزگار کے مواقع دستیاب ہونگے ۔ ریاست کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ریاستی حکومت آئی ٹی اور کئی دوسرے ملحقہ شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیر کے ٹی راما راؤ نے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کریمنگر میں ٹاسک کا ایک علاقائی مرکز قائم کیا جائیگا جو متلاشیان روزگار کیلئے رہے گا جبکہ روزگار فراہم کرنے والوں کیلئے ٹی ہب بھی قائم کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور انہیں یقین ہے کہ آئندہ گوگل ‘ فیس بک اور واٹس اپ وغیرہ ہندوستان سے ایجاد ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی جملہ گھریلو پیداوار کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے اور یہ سب کچھ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دور اندیش قیادت کا نتیجہ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT