کریم نگر میں آج سونیا گاندھی کا جلسہ عام سے خطاب

انتخابات میں کانگریس کو کامیابی ملنے کا دعویٰ ، پونالہ لکشمیا کا بیان

انتخابات میں کانگریس کو کامیابی ملنے کا دعویٰ ، پونالہ لکشمیا کا بیان

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے 16 اپریل کو کریم نگر میں منعقد ہونے والے سونیا گاندھی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی۔ انتخابات میں کانگریس کو مکمل اکثریت حاصل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مابعد انتخابات ٹی آر ایس کے تائید کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے تشکیل دیا ہے۔ تلنگانہ کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں ، بھروسہ کا دوسرا نام کانگریس ہے ۔ سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیتے ہوئے 60 سالہ قدیم مسئلہ کو حل کردیا ہے ۔ تلنگانہ عوام کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کانگریس نے بھی کئی مشکلات کا سامنا کیا ہے ۔ سیما آندھرا میں کانگریس کے نقصان کو برداشت کیا ہے ۔ انہوں نے سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو خود غرض اور مفاد پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارت نہ ملنے پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلگو دیشم سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس تشکیل دیا ۔ کانگریس پارٹی سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو ممکن قرار دیتے ہوئے 2004 ء میں کانگریس سے اتحاد کیا ۔ پھر 2009 ء میں تلگو دیشم کمیونسٹ جماعتوں کے عظیم اتحاد میں ٹی آر ایس شامل ہوئی، 52 حلقوں پر مقابلہ کیا مگر صرف 10 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کانگریس پارٹی نے تشکیل دیا ہے اور عوام کانگریس کو ہی بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے ۔ انہوں نے کل کریم نگر میں منعقد ہونے والے سونیا گاندھی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی اور کہا کہ 2014 ء کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں مکمل اکثریت حاصل کرے گی اور حکومت تشکیل دے گی ۔

TOPPOPULARRECENT