Wednesday , September 26 2018
Home / شہر کی خبریں / کریم نگر میں داعش کے خفیہ سل، 20 نوجوانوں کی بھرتی کا انکشاف!

کریم نگر میں داعش کے خفیہ سل، 20 نوجوانوں کی بھرتی کا انکشاف!

ضلع کاؤنٹر انٹلی جنس سل کو مزید مستحکم بنانے پولیس کا فیصلہ، انتہا پسندوں کی نقل و حرکت پر نظر

ضلع کاؤنٹر انٹلی جنس سل کو مزید مستحکم بنانے پولیس کا فیصلہ، انتہا پسندوں کی نقل و حرکت پر نظر
حیدرآباد 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں ایک نئی دہشت گرد تنظیم اسلامی مملکت عراق و شام (داعش) کی جانب سے مقامی بے روزگار نوجوانوں کو شمولیت کی ترغیب دیتے ہوئے خفیہ سل کے قیام کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے بعد ریاستی پولیس انٹلی جنس سل کو مستحکم بنادیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے چند تخریب کاروں کی گرفتاری اور ان سے پوچھ گچھ کے دوران کریم نگر میں بے روزگار نوجوانوں کو داعش میں بھرتی کرنے اور خفیہ سل کے قیام کیلئے ترغیب دینے کا انکشاف ہوا تھا۔ دہشت گرد گروپوں کیلئے کام کرنے والے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے پولیس نے 10 سال قبل کریم نگر کے جگتیال، گوداوری کھانی، حضورآباد، مٹ پلی، کورٹلہ اور سرسلہ میں کاؤنٹر انٹلی جنس سل قائم کیا تھا۔ جس میں متعین اسٹاف کو دہشت گرد تنظیموں کے خفیہ سل کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن دیگر سرکاری ذمہ داریوں کے سبب کاؤنٹر انٹلی جنس سل سے وابستہ عملہ اس کام پر پوری توجہ مرکوز نہیں کرسکا تھا۔ تاہم بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے چار تخریب کاروں کی حال میں گرفتاری اور پوچھ گچھ کے دوران ان کے انکشافات پر مبنی اطلاعات سے پتہ چلا کہ مشرق وسطیٰ میں سرگرم دہشت گرد تنظیم داعش مبینہ طور پر ضلع کریم نگر کے بے روزگار نوجوانوں کو بھرتی اور خفیہ سل کے قیام کیلئے ترغیب دے رہی ہے۔ کریم نگر میں داعش کے خفیہ سل کے لئے تاحال 20 نوجوانوں کی بھرتی کی اطلاعات بھی ہیں۔ داعش کا مقصد اسلامی مملکت قائم کرنا اور اس کو وسعت دینا ہے۔ گرفتار شدہ بنگلہ دیشی تخریب کاروں کے انکشافات کی بنیاد پر کریم نگر کی ضلع پولیس نے کاؤنٹر انٹلی جنس سل کو مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اس شعبہ سے وابستہ پولیس افسران اس ضلع میں مشتبہ انتہا پسندوں کی نقل و حرکت پر سخت نگرانی کا آغاز کردیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT