Sunday , November 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کریم نگر میں وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش

کریم نگر میں وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش

سونیا گاندھی اور راہول گاندھی پر مقدمہ کے خلاف زبردست مظاہرہ
کریم نگر /20 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)  کل ہند کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے ساتھ مرکزی حکومت کا رویہ متعصبانہ، غیر اخلاقی اور غیر جمہوری ہے۔ ضلع کانگریس کے صدر مرتنجیم نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وہ یہاں منعقدہ احتجاجی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے، جو کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام بروز ہفتہ ضلع بھر میں منعقد کیا گیا تھا۔ مسٹر مرتنجیم نے اندرا چوک پر وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلا کو نذر آتش کیا اور اس موقع پر مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ جگتیال رکن اسمبلی جیون ریڈی کی زیر قیادت جگتیال میں پی ایم فلیکسی کو نذر آتش کیا گیا اور راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا۔ سابق ایم پی پونم پربھاکر کی قیادت میں گنگادھر ایکس روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے راستہ روکا گیا۔ اسی طرح سابق وزیر ڈی سریدھر بابو کی زیر قیادت منتھنی میں وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش کیا گیا اور راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا، جب کہ پدا پلی میں کمان چوراہا پر کانگریس قائدین نے دھرنا دیا، جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ ویملواڑہ میں بھی پی ایم کے پتلے جلائے گئے اور مانا کنڈور میں سابق حکومت وہپ رکن اسمبلی آرے پلی موہن کی قیادت میں ورنگل۔ کریم نگر شاہراہ پر دھرنا منظم کرتے ہوئے وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ حسن آباد میں سابق رکن اسمبلی الگی ریڈی پروین ریڈی کی قیادت میں اور سرسلہ میں بھی وزیر اعظم کے پتلے نذر آتش کئے گئے۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم پر سخت تنقید کی اور کہا کہ منظم سازش کے تحت سونیا گاندھی اور راہول گاندھی پر کچرا اچھالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جب کہ مذکورہ قائدین بالکل بے قصور ہیں، یہ بات ایک دن عدالت میں ثابت ہو جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT