Thursday , December 14 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کریم نگر میں یوم اساتذہ پروگرام سے ایم ایل سی سوامی گوڑ کا خطاب

کریم نگر میں یوم اساتذہ پروگرام سے ایم ایل سی سوامی گوڑ کا خطاب

کریم نگر /6 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طلبہ کو مستقبل کے شہری کی حیثیت سے تشکیل دینے والے عظیم شخصیت اساتذہ ہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی قانون ساز کونسل کے چیرمین سوامی گوڑ نے ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن کے یوم پیدائش کے موقع پر 5 ستمبر کو خانگی مدارس انتظامیہ کے زیر اہتمام کتہ پلی سواگت گارڈنس میں منعقدہ یوم اساتذہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ سماج میں اساتذہ کو بہت احترام اور عزت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ معلم کا پیشہ بہت عظیم ہے۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ ایک خام مال کی طرح ہیں، ان کا مستقبل اساتذہ کے ہاتھوں میں ہے۔ انھوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ اپنے طلبہ کو اس طرح آراستہ کریں کہ اس مسابقتی دور میں وہ کسی سے پیچھے نہ رہیں۔ انھوں نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول میں خانگی اسکولوں کا اہم رول رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر طالب علم میں تخلیقی صلاحیت ہوتی ہے، تاہم اسے اجاگر کرنے کی ذمہ داری اساتذہ پر ہے، لہذا طلبہ کو ان کی صلاحیت کے مطابق تعلیم دی جائے۔ انھوں نے بتایا کہ خانگی اسکولوں کے اساتذہ کو بھی ہیلتھ کارڈس دیئے جائیں گے۔ اس پروگرام میں ای ٹرسما کے صدر سنجیوا ریڈی، ریاستی سکریٹری شیکھر راؤ، ڈسٹرکٹ سکریٹری ستیہ نارائنا، ریاستی کوآرڈینیٹر رمنا راؤ، مادھو راؤ اور دیگر نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT