کسانوں سے اراضی کی حصول کی مخالفت : پون کلیان

حیدرآباد /6 مارچ ( این ایس ایس ) فلم اسٹار اور جنا سینا پارٹی کے بانی صدر پون کلیان میں تلگودیشم حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ آندھراپردیش ریاست کے مجوزہ دارالحکومت کیلئے بعض مواضعات جیسے انڈولی ، بیتھم پوڑی اور پینو بکا کو استثنی دیں ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پون کلیان نے دارالحکومت کے قیام کیلئے غریب کسانوں سے زمین حاصل کرنے کی مخالفت کی ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اور دیگر تلگودیشم قائدین کے اس رد عمل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے نئے دارالحکومت کیلئے کسانوں سے ان کی زرعی اراضی کو زبردستی چھین لینا ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں طاقت کے بل پر اراضی کے حصول کی مخالفت کرتا ہوں ۔ پون کلیان نے کسانوں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے مجوزہ دارالحکومت کے مواضعات کا دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بعض کسانوں نے اپنی مرضی سے اراضی حوالے کی ہے لیکن اب وہ اپنے مستقبل کو لیکر پریشان ہیں ۔ انہیں اندیشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں وہ اپنی اراضی کی محرومی کے علاوہ قانونی حق بھی کھو دیں گے ۔ جنا سینا کے سربراہ نے حیرت کا اظہار کیا کہ عالمی درجہ دارالحکومت بنانے کیلئے تلگودیشم حکومت کے پاس خاطر خواہ سرمایہ نہیں ہے ۔

TOPPOPULARRECENT