Saturday , November 25 2017
Home / ہندوستان / کسانوں کو رعایتی قرض اسکیم میں ایک سال کی توسیع

کسانوں کو رعایتی قرض اسکیم میں ایک سال کی توسیع

نئی دہلی، 14 جون(سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے تین لاکھ روپے تک کے مختصر مدتی قرض لینے والے کسانوں کوراحت دینے کے لئے سودرعایت اسکیم میں رواں مالی سال کے لئے توسیع کردی ہے ۔اس اسکیم کے تحت تین لاکھ روپے تک کا قرض لینے اور ایک سال کے اندر انھیں ادا کرنے پر اب چار فیصد شرح سود کے حساب سے ہی ادائیگی کرنی ہوگی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی آج یہاں منعقدہ میٹنگ میں حکومت نے قرض کے بوجھ تلے دبے کسانوں کو راحت دینے کے مقصد سے سال 2017-18ء کے لئے سود رعایت اسکیم کو منظوری دی۔ اس کے تحت جو کسان زراعت کے لئے تین لاکھ روپے تک کا مختصر مدتی قرض لیں گے اور ایک سال کے اندر ان کی ادائیگی کردیں گے انہیں صرف چار فیصد سود دینا ہوگا۔خیال رہے کہ کسانوں کو مختصر مدتی قرض پر سالانہ نو فیصد کی شرح سے سود دینا پڑتا ہے ۔ تین لاکھ روپے تک کے قرض پر انہیں دو فیصد کی سبسڈی کے بعد سات فیصد کا سود دینا پڑتا ہے ۔ اب ایک سال کے اندر قرض کی ادائیگی کرنے پر انہیں تین فیصد کی مزید رعایت مل جائے گی۔قرض رعایت اسکیم کو سال 2017-18ء تک توسیع کرنے کیلئے حکومت نے منظوری دی ہے اور اس کیلئے 20339کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ سود پر دی جانے والی یہ رعایت براہ راست سرکاری سیکٹر کے بینکوں ، پرائیوٹ بینکوں، کوآپریٹیو بینکوں اور علاقائی دیہی بینکوں کو بھیجی جائے گی۔ یہ سود رعایت اسکیم ایک سال کیلئے ہے اور اسے نبارڈ اور ریزرو بینک آف انڈیا نافذ کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT