Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / کسانوں کو ہتھکڑیاں پہنانے پر غلطی کا اعتراف : پوچارام سرینواس

کسانوں کو ہتھکڑیاں پہنانے پر غلطی کا اعتراف : پوچارام سرینواس

پولیس ملازمین معطل ، واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت ، وزیر زراعت کا ادعا
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر زراعت پوچارام سرینواس ریڈی نے کسانوں کو ہتھکڑیاں پہنانے پر غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کرنے والے 2 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ کھمم مارکٹ یارڈ میں احتجاج کرنے والے کسانوں کو ہتھکڑیاں پہناکر عدالت میں پیش کرنے پر وزیر زراعت نے غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسی غلطی دوبارہ نہیں ہوگی ۔ اس معاملے میں پولیس نے حد سے زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے ۔ کھمم مارکٹ یارڈ میں تشدد کے واقعہ میں ملوث ریمانڈ میں رہنے والے کسانوں کو ہتھکڑیاں پہنا کر عدالت میں پیش کرنے کا واقعہ ساری ریاست میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا ۔ کانگریس تلگو دیشم کے علاوہ دوسری اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ریاست بھر میں مظاہرے کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی گئی اور ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کسانوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کرنے پر ریاست بھر میں احتجاج کیا گیا ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور انسانی حقوق تنظیموں کے نمائندوں نے اس واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کسانوں کے ساتھ عادی مجرموں جیسا سلوک کرنے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ریاست میں عوامی احتجاج شدت اختیار کرنے کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے 2 اے آر سب انسپکٹرس کو فوری اثر کے ساتھ معطل کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT