Friday , November 24 2017
Home / سیاسیات / کسانوں کی خود کشی کیلئے حکومت ذمہ دار: راہول گاندھی

کسانوں کی خود کشی کیلئے حکومت ذمہ دار: راہول گاندھی

بھٹنڈا ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام): راہول گاندھی نے آج کہا ہے کہ کانگریس پنجاب میں اکالی دل ۔ بی جے پی اتحاد کا صفایا کردے گی ۔ انہوں نے آج کسانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کی جو کہ گذشتہ ماہ فصلوں کے نقصان پر خود کشی کرلی تھی ۔ کانگریس نائب صدر نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں کسانوں کے مصائب و آلام کے لیے موجودہ حکومت ذمہ دار ہے اور بتایا کہ بہت جلد ان کے لیے اچھے دن آنے والے ہیں ۔ انہوں نے ایک کسان 65 سالہ جگدیو سنگھ بوگاؤ کے افراد خاندان کو پارٹی کی جانب سے ممکنہ امداد کا تیقن دیا ، کہا کہ ضرورت مندوں کی اعانت کے لیے پارٹی ہمیشہ آگے رہے گی اور اکالی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت بیدخل کر کے ہی دم لے گی ۔ بعد ازاں راہول گاندھی نے بھوکیاں والی سے مال والا گاؤں تک پدیاترا شروع کردی ۔ واضح رہے کہ بھٹنڈا میں سب سے زیادہ کپاس کی کاشت کی جاتی ہے لیکن سفید مکھی کے حملہ سے کسانوں کو زبردست نقصانات اٹھانا پڑرہا ہے ۔ قبل ازیں کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج تلونڈی میں سکھوں کے مقدس مقام تخت دمدما صاحب پر حاضری اور نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ وہ پنجاب کے دو روزہ دورہ پر یہاں آئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کل پولیس فائرنگ میں ہلاک 2 سکھ نوجوانوں کے خاندانوں سے ملاقات کر کے اظہار تعزیت کیا تھا جب کہ کسانوں کے مسائل سے آگہی اور ضرورت مندوں کی اعانت کے لیے گاؤں گاؤں پدیاترا کررہے ہیں ۔ ان کے اس دورہ نے کانگریس کے دو کٹر حریف لیڈروں امریندر سنگھ اور پرتاپ سنگھ باجوا کو متحد کردیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT