Wednesday , July 18 2018
Home / اضلاع کی خبریں / کسان کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور

کسان کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور

حکومت کے وعدے برفدان کی نذر، بھینسہ میں کودنڈا رام کا خطاب

بھینسہ۔/21مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی چیرمین پروفیسر کودنڈا رام نے بھینسہ شہر کا دورہ کیا ان کے ہمراہ ٹی جے اے سی مختلف ذمہ داران نرسمہا ریڈی، سی لکشمیا، وجئے کمار، رچنا ریڈی ایڈوکیٹ و دیگر موجود تھے۔ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی بھینسہ ڈیویژن کنوینر ڈاکٹر راما کرشنا گوڑ کی زیر نگرانی کسانوں کے مسائل سے متعلق ایک جلسہ شہر کے کاٹن مارکٹ یارڈ میں منعقد کیا گیا جس میں ٹی جے اے سی کے تمام ذمہ داران اور ڈیویژن کے کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ٹی جے اے سی چیرمین پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ کسان طبقہ محنت مزدوری کے ذریعہ کاشتکاری کرتے ہوئے فصلوں کو اگارہا ہے لیکن کسان طبقہ محنت کے باوجود بھی فصلوں کی صحیح قیمت حاصل نہ ہونے پر ناامیدی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہے کیونکہ تعاون کے اعلانات کئے گئے تھے لیکن وہ برفدان کی نذر ہوگئے۔ حکومت تلنگانہ عوام اور کسان طبقہ کو صرف ہتھیلی میںجنت دکھاتے ہوئے بلند بانگ دعویٰ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ غیر موسمی طوفانی بارش میں کئی کسان نقصان سے دوچار ہوئے ہیں اور کئی ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں لیکن حکومت نے اس جانب غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ کسانوں کو معاوضہ کیلئے خصوصی بجٹ فراہم نہیں کیا۔ ریاست کے کئی مواضعات میں پراجکٹوں کے باوجود کسانوں کی اراضی آبی پراجکٹوں میں آنے کے باوجود بھی عوام اور کسانوں کو معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام اور کسان طبقہ حکومت کے جھوٹے وعدوں اور اعلانات سے مایوس ہوچکا ہے اور کسان طبقہ اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے پر حکومت کی جانب سے مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالتے ہوئے پولیس کے ذریعہ مقدمات درج کروائے جارہے ہیں اور کسانوں پر ظلم و زیادتی کرتے ہوئے ان کے حقوق کو دبایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور عوام سے صرف جھوٹے وعدے کرتے ہوئے صرف اور صرف اعلانات تک محدود ہوچکی ہے۔ بعد ازاں ٹی جے اے سی چیرمین پروفیسر کودنڈا رام و دیگر ٹی جے اے سی ذمہ داران کے ہمراہ بھینسہ ڈیویژن کے موضع مہاگاؤں کیلئے روانہ ہوئے جہاں پر رنگا راؤ پلیسکر پراجکٹ کے معائنہ اور مختلف متاثرہ کسانوں سے ملاقات کی۔

TOPPOPULARRECENT