Wednesday , July 18 2018
Home / شہر کی خبریں / کسی بھی مقام سے حصول راشن کی اسکیم پر مثبت ردعمل

کسی بھی مقام سے حصول راشن کی اسکیم پر مثبت ردعمل

اندرون دس یوم پانچ لاکھ افراد کا استفادہ ، کمشنر سیول سپلائز سی وی آنند
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے کوئی بھی کہیں سے بھی راشن حاصل کرنے کی اسکیم کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ 10 دن میں 5 لاکھ سے زیادہ افراد نے اس اسکیم سے استفادہ کیا ۔ 10 دن قبل محکمہ سیول سپلائز نے راشن کارڈ دہندگان کو ریاست کے کسی بھی راشن شاپس کے ذریعہ چاول کے علاوہ دوسری اشیاء حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی ہے ۔ جس سے محکمہ سیول سپلائز کو توقع سے زیادہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ریاست کے 17,023 راشن شاپس میں 13,032 راشن شاپس سے پورٹیبلیٹی کے ذریعہ 5,44,378 افراد نے یکم سے 10 اپریل تک اشیاء حاصل کی ہے جس میں سب سے زیادہ ضلع حیدرآباد میں 1,16,632 ضلع میڑچل میں 83,057 ضلع رنگاریڈی میں 43,381 ضلع نظام آباد میں 29,252 ضلع ورنگل میں 28,944 راشن کارڈ ہولڈرس نے پورٹیبلیٹی کے ذریعہ اس سہولت سے استفادہ کیا ہے ۔ فوڈ سیکوریٹی کارڈ رکھنے والوں کے لیے یکم تا 15 تاریخ تک سہولتوں سے استفادہ اٹھانے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ راشن کارڈ ہولڈرس کی حیدرآباد میں زیادہ تعداد ہونے کی وجہ سے ہر ماہ 20 تاریخ تک اشیاء ضروریہ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ماباقی اضلاع میں 15 تاریخ تک اشیاء سربراہ کی جائے گی ۔ ای پاس نظام متعارف ہونے کے بعد 12 تا 15 فیصد اشیاء حاصل نہیں کی جارہی ہے ۔ یعنی ہر ماہ 70 تا 75 لاکھ خاندان ہی راشن شاپس سے اشیاء حاصل کررہے ہیں ۔ ریاست کے 85 لاکھ خاندان میں جاریہ ماہ ابھی تک 52.57 لاکھ 71 فیصد خاندان نے اشیاء ضروریہ حاصل کیا ہے ۔ پورٹیبلیٹی سسٹم متعارف کرانے سے ڈیلرس کے درمیان بھی مسابقت میں اضافہ ہوا ہے ۔ جو بھی ڈیلر جتنا زیادہ اشیاء ضروریہ عوام میں تقسیم کرے گا اس کو اتنا زیادہ کمیشن حاصل ہوگا ۔ ایک وقت وہ بھی تھا جب راشن کارڈ ہولڈرس ڈیلرس کا انتظار کیا کرتے تھے اب حالت تبدیل ہوگئے ہیں ۔ ڈیلرس راشن کارڈ ہولڈرس کا انتظار کررہے ہیں ۔ ڈیلرس کے برتاؤ میں کافی تبدیلی آگئی ہے ۔ وہ صبح 6 بجے سے راشن شاپس کھول رہے ہیں ۔ کمشنر محکمہ سیول سپلائز سی وی آنند نے راشن پورٹیبلیٹی نظام توقع سے زیادہ کامیاب ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ پہلے 10 دن میں 5 لاکھ افراد نے اس سے استفادہ کیا ہے ۔ روزگار کے لیے اضلاع سے نقل مقام کر کے شہر حیدرآباد و دوسرے مقامات کا رخ کرنے والے عوام کے لیے یہ سہولت کافی مفید ثابت ہورہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT