Tuesday , August 14 2018
Home / جرائم و حادثات / کشائی گوڑہ میں اے ٹی ایم سے رقم سرقہ کرنے والا شخص گرفتار

کشائی گوڑہ میں اے ٹی ایم سے رقم سرقہ کرنے والا شخص گرفتار

مشینوں میں رقم جمع کرنے والی ایجنسی کا شخص ہی ملزم ثابت
حیدرآباد ۔ /13 جون (سیاست نیوز) اے ٹی ایم سنٹر سے رقم سرقہ کرنے والے ایک شخص کو پولیس کشائی گوڑہ نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اے ٹی ایم مشینوں میں رقم جمع کرنے والی ایجنسی میں کام کرنے والا شخص ہی سارق نکلا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 28 سالہ ٹی ویگنیش کو گرفتار کرلیا گیا جو ناگارام کیرا علاقہ کا ساکن ہے پولیس نے اس کے قبضہ سے مسروقہ رقم 3,54,500 روپئے کو ضبط کرلیا ۔ اس نے کملا نگر کے کوٹیک مہندرا بنک کے اے ٹی ایم شاخ سے رقم نکالی تھی ۔ مالی طور پر پریشان اس شخص نے یہ اقدام کیا تھا جو سی ایم سی گروپ میں 5 سال سے کام کرتا تھا اور ملکاجگیری روٹ کے بعد اب کشائی گوڑہ روٹ کا انچارج تھا ۔ /9 جون کے دن اس نے بنک کے اے ٹی ایم شاخ پہونچکر نقلی چابیوں کی مدد سے بھاری رقم کو نکالا ۔ دو دن بعد اس روٹ کے ستیش نے عام جانچ کے تحت کملا نگر کی اس شاخ کا معائنہ کیا ۔ جس کے بعد انہوں نے اے ٹی ایم سنٹر میں موجودہ خامی اور چھیڑ چھاڑ کو لیکر فوری ریکارڈ کی جانچ کی ۔ اس بات کا اندازہ اور یقین ہوگیا کہ اس اے ٹی ایم سنٹر سے رقم کو نکال لیا گیا ہے اور 3 لاکھ 54 ہزار 5 سو روپئے کا کوئی حساب نہیں ۔ اس بات سے پریشان انچارج نے فوری پولیس میں شکایت درج کروائی ۔پولیس نے اے ٹی ایم سنٹر پہونچکر قریب میں واقع سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور ویگنیش کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی ۔ اس نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے مسروقہ رقم کو ضبط کرلیا ۔

TOPPOPULARRECENT