Tuesday , December 11 2018

کشمیرسرحد پر فائرنگ ،بی ایس ایف جوان سمیت 3 ہلاک

سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری ،پاکستان کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی

جموں19جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے جموں، سانبہ اور کٹھوا اضلاع میں بین الاقوامی سرحد پر شدید گولہ باری کا سلسلہ جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا۔ تازہ گولہ باری میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کا ایک ہیڈکانسٹیبل اور ایک خاتون سمیت2 عام شہری ہلاک جبکہ 14 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 2 بی ایس ایف جوان بھی شامل ہیں۔ بیشتر زخمیوں کو میڈیکل کالج و ہاسپٹل جموں منتقل کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول کے نوشیرہ سیکٹر میں بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے جمعہ کو دوپہر کے وقت ایل او سی کے نوشیرہ سیکٹر میں جانگرنامی علاقہ میں ہندوستانی فوجی چوکیوں کو نشانہ بناکر شدید فائرنگ کی۔ ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ سرحدی کشیدگی کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ احتیاطی طور پر اسکولوں کو بند کیا گیا۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایاکہ پاکستان نے جموں خطہ کے تین سرحدی اضلاع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع دیہات اور سرحدی چوکیوں کو ایک بار پھر نشانہ بنایا اور شدید شلباری کی جس کے نتیجہ میں ایک بی ایس ایف ہیڈکانسٹیبل، ایک خاتون سمیت3 افراد جاں بحق جبکہ14 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سانبہ میں پاکستانی فائرنگ کے نتیجہ میں 173 بٹالین بی ایس ایف سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل جگویر سنگھ ہلاک ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ جگویر سنگھ کو ضلع ہاسپٹل سانبہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے جمعہ کی صبح جموں کے ارنیہ اور آر ایس پورہ سیکٹرس، ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر اور ضلع کٹھوا کے ہیرا نگر سیکٹر میں سرحدی دیہات کو نشانہ بناکر شدید گولہ باری کی۔ انہوں نے بتایاکہ آر ایس پورہ اور ارنیہ میں پاکستانی فائرنگ میں 2 عام شہری ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا ۔انہوں نے بتایا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے مہلوکین کی شناخت 50 سالہ بچھنو دیوی زوجہ جیت راج ساکن سائی خرد ارنیہ اور 25 سالہ ساحل ولد کرشن لال ساکن کورتانہ آر ایس پورہ کی حیثیت سے کی ہے۔ بعض زخمیوں کی شناخت 55 سالہ جیت راج ولد روی کمار اور50 سالہ کرشن لال ساکن آر ایس پورہ،52 سالہ نانک راج ساکنہ ماہا شاہ، 35 سالہ رنجیت سنگھ ساکن کوکھری چک رام گڑھ سانبہ کے بطور کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT