Wednesday , September 26 2018
Home / ہندوستان / کشمیر:شوپیان میں مسلح تصادم، 2 عسکریت پسند ،ایک خاتون ہلاک

کشمیر:شوپیان میں مسلح تصادم، 2 عسکریت پسند ،ایک خاتون ہلاک

سری نگر 19دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے بٹہ مرن کیلر میں پیر اور منگل کی درمیانی شب جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والا مسلح تصادم دو جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے ۔اس مسلح تصادم میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ مسلح تصادم کے مقام پر احتجاجیوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں ایک جواں سال خاتون ہلاک جبکہ قریب دو درجن دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں میں قریب آٹھ عام شہری چھرے اور گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چند ایک زخمیوں کی آنکھوں میں بھی چھرے لگے ہیں۔ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت 24 سالہ روبی جان کے بطور ہوئی ہے ۔تاہم ریاستی پولیس کا کہنا ہے کہ روبی جان مسلح تصادم کے مقام پر کراس فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوئی۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع شوپیان میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات جبکہ سری نگر اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر چلنے والی ریل خدمات معطل کرادی ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق مسلح تصادم کے دوران متعدد رہائشی مکانات اور گاؤںکو دھماکہ خیز مواد اور مارٹر گولوں سے زمین بوس کردیا گیا۔ ریاستی پولیس نے مہلوک جنگجوؤں کی شناخت بٹہ مرن کے رہنے والے تنویر احمد بٹ اور پاکستانی رہائشی کے بطور کی ہے ۔ ان کے قبضے سے دو اے کے 56 رائفلیں اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)نے بتایا کہ مسلح تصادم دو جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے تصادم میں دو جنگجوؤں کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ‘تصادم کے مقام سے دو جنگجوؤں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں’۔جنوبی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس پی پانی نے بتایا کہ ضلع شوپیان کے بٹہ مرن کیلر میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر ریاستی پولیس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور 14 بٹالین سی آر پی ایف نے مذکورہ گاؤں میں گذشتہ شام تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا ‘تلاشی آپریشن کے دوران گاؤں میں موجود جنگجوؤں نے سیکورٹی فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور جوابی کاروائی میں دو جنگجوؤں کو مارا گیا’۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے دو جنگجوؤں کی لاشیں برآمد کی گئیں جن میں سے ایک غیرملکی جبکہ دوسرا مقامی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں جنگجوؤں کا تعلق جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے تھا۔ذرائع نے بتایا کہ جس رہائشی مکان میں جنگجو محصور تھے ، کو سیکورٹی فورسز نے گذشتہ رات قریب دس بجے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ تاہم غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق مزید دو رہائشی مکانات اور تین گاؤ خانوں کو بھی گولہ باری سے شدید نقصان پہنچا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT