Wednesday , April 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / کشمیرمیںسیکورٹی حالات، ایشین مارشل آرٹ گیمز منسوخ

کشمیرمیںسیکورٹی حالات، ایشین مارشل آرٹ گیمز منسوخ

سری نگر۔7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں امسال اکتوبر میں منعقد ہونے والے ایشین مارشل آرٹ گیمز کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر منسوخ کیا گیا ہے ۔گیمز کی منسوخ کو وادی میں کھیل کے شعبہ کے لئے ایک دھکا مانا جاتا ہے ۔ جموں وکشمیر اسٹیٹ کیڈو اسوسی ایشن کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہمیں نیشنل مارشل آرٹ کمیٹی (این ایم اے سی) انڈیا نے مطلع کہ ورلڈ مارشل آرٹ گیمز کمیٹی (ڈبلیو ایم اے جی سی) نے بعض ممالک کے کہنے پر اس بین الاقوامی سطح کے ایونٹ کی میزبانی منسوخ کی ہے ۔ بعض ممالک نے وادی کی سیکورٹی صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر حکومت بشمول اسپورٹس منسٹر عمران رضا انصاری، اسٹیٹ اسپورٹس کونسل سکریٹری وحیدالرحمان پرہ اور ضلع انتظامیہ سری نگر نے ایونٹ کے انعقاد کے لئے بھرپور تعاون کا وعدہ دیا تھا۔جموں وکشمیر اسٹیٹ کیڈو اسوسی ایشن نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ دارالحکومت سری نگر رواں سال کے اکتوبر میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی مارشل آرٹ کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔اسو سی ایشن نے کہا کہ ان کھیلوں میں 12 ملکوں سے ٹیمیں شرکت کریں گی۔متذکرہ ٹورنمنٹ کے منتظمین نے بتایا تھا یہ ٹورنامنٹ 3 اکتوبر سے 7 اکتوبر 2018 تک شیر کشمیر انڈور اسٹیڈیم سری نگر میں کھیلا جائے گا۔بین الاقوامی سطح کے اس ٹورنمنٹ کی بدولت نہ صرف مقامی مارشل آرٹ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیںدکھانے کا موقع ملے گا، بلکہ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع بھی حاصل ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT