Wednesday , December 12 2018

کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالنا مسئلہ کا حل نہیں :میرواعظ

سرینگر 20جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے کہا کہ کشمیریوں کو جیل خانوں میں بھرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں اب صحافیوں ، وکلاء ، بزنس کیمونٹی کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے حتیٰ کہ خواتین کو پابند سلاسل کرکے جیلوں میں بند کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جارحانہ حربوں سے نہ یہاں کی قیادت اور نہ یہاں کے عوام کو خوفزدہ کیا جاسکتا ہے اور نہ انہیں ڈرایا اور دھمکایا جاسکتا ہے ۔ میرواعظ نے ان باتوں کا اظہار سری نگر کی مرکزی و تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ سے قبل نمازیوں کے ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کپواڑہ میں کمسن لڑکے کی پراسرار موت کے خلاف ہڑتال
سری نگر 20جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے ایک کمسن لڑکے کی پراسرار موت کی وجوہات جاننے کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم یا ایس آئی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ ریاستی پولیس نے ‘کشمیر زون پولیس’ کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا ‘کپواڑہ میں کمسن لڑکے کی موت کی وجوہات جاننے کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے ‘۔ کپواڑہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کمسن لڑکے کی پراسرار موت کے خلاف ضلع کے مختلف حصوں میں جمعہ کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہا۔ ضلع کے بعض علاقوں سے احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ 8 سالہ عمر فاروق ملک15 جولائی کی شام اپنے گھر سے لاپتہ ہوا تھا۔

TOPPOPULARRECENT