Sunday , June 24 2018
Home / ہندوستان / کشمیر :تمام مذہبی جماعتوں کا جمعہ کو’’ یوم احتجاج ‘‘

کشمیر :تمام مذہبی جماعتوں کا جمعہ کو’’ یوم احتجاج ‘‘

سری نگر، 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کی تمام مذہبی جماعتوں کے سربراہان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس(یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان پر شدید برہمی اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی حکومت کی اس جارحانہ پالیسی کی شدید مذمت کی ہے ۔مذہبی جماعتوں کے سربراہان نے متحدہ مجلس علماء کے بینر تلے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں ٹرمپ انتظامیہ کے اس جارحانہ فیصلے کے نتیجے میں عالم اسلام کے سینے میں خنجر گھونپنے کے عمل کے خلاف 8دسمبر 2017ء جمعتہ المبارک کو پورے کشمیر میں یوم احتجاج کے طور پر منانے اور نماز جمعہ کے موقع پر تمام مرکزی مساجد ، خانقاہوں ، امام بارگاہوں اور آستانوں میں ایک مذمتی قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مجروح مسلم جذبات اور احساسات کی ترجمانی کے ساتھ ساتھ مسلم امہ کی ناراضگی کا برملا اظہار کیا جاسکے ۔ مذکورہ تمام علماء اور تنظیموں نے مشترکہ بیان میں ٹرمپ کے اعلان پر شدید برہمی اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی حکومت کی اس جارحانہ پالیسی کی شدید مذمت کی ہے ۔ متحدہ مجلس علماء نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ ٹرمپ کے اعلان کے بعد جموں وکشمیر سمیت پوری مسلم دنیا اور امت مسلمہ میں بے چینی، اضطراب اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور امت مسلمہ اس فیصلے کو ناقابل قبول تصور کرتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT