Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / کشمیر میں انکاؤنٹر، انڈین ایرفورس کے دو کمانڈوز اور دو عسکریت پسند ہلاک

کشمیر میں انکاؤنٹر، انڈین ایرفورس کے دو کمانڈوز اور دو عسکریت پسند ہلاک

بانڈی پورہ میں ناکہ بندی و تلاشی مہم کے دوران لشکرطیبہ کے انتہاء پسندوں کی فائرنگ کے بعد جھڑپ
سرینگر ۔ 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں آج ایک انکاؤنٹر کے دوران انڈین ایرفورس کے دو گارڈ کمانڈوس اورلشکرطیبہ کے دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ ایک فوجی عہدیدار نے کہا کہ ضلع بانڈی پورہ کے علاقہ حاجن میں آج صبح کی اولین ساعتوں کے دوران سیکوریٹی فورسیس نے ناکہ بندی کے بعد تلاشی مہم شروع کی تھی جہاں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے سیکوریٹی فورسیس پر فائرنگ کی تھی جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا تھا۔ تربیت و تجربہ کے مقصد سے اس کارروائی میں حصہ لینے والے انڈین ایرفورسیس کے دو گارڈ اہلکار بھی عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی ہوگئے تھے، جنہیں 92 بیس ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ ان کی سرجینٹ یلندکشور اور کارپورل نیلیش کمار کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ اس عہدیدار نے کہا کہ انکاؤنٹر میں دو عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے ہیں جن کا تعلق لشکرطیبہ سے تھا۔ ان کی شناخت ایک پاکستانی عسکریت پسند علی عرف ابوماذ اور ایک مقامی عسکریت پسند نصراللہ میر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ریاستی ڈائرکٹر جنرل پولیس ایس پی وید نے کہاکہ یہ عسکریت پسند متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے، جن (حملوں) میں سیکوریٹی فورسیس اور شہری ہلاک ہوئے تھے۔ وید نے کہا کہ ان دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت ’’سیکوریٹی فورسیس کیلئے ایک بہتری بڑی کامیابی ہے‘‘۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ ’’انکاؤنٹر کے مقام سے دو اے کے رائفلس، ایک پستول، ایک دستی بم، 12 اے کے میگزینس اور 75 کارتوس برآمد کئے گئے۔ چنارکور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹننٹ جنرل جے ایس سندھو کی قیادت میں فوجی افسران اور اہلکاروں نے انڈین ایرفورسیس کے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت ادا کیا۔ ان سپاہیوں کو خراج عقیدت کیلئے بادامی باغ میں واقع فوجی ہیڈکوارٹرس میں پھول مالی کی پیشکش کی تقریب منعقد کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT