Thursday , August 16 2018
Home / Top Stories / کشمیر میں اِنکاؤنٹر ، ایک پولیس اہلکار ہلاک ، 5 زخمی

کشمیر میں اِنکاؤنٹر ، ایک پولیس اہلکار ہلاک ، 5 زخمی

بٹامالو کے گھر میں عسکریت پسند کی موجودگی پر ناکہ بندی کے بعد کارروائی ، 2 دہشت گرد گرفتار ،2 فرار

سرینگر۔ 12 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ ضلع بٹاملو میں عسکریت پسندوں کے ساتھ انکاؤنٹر میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور سکیورٹی فورسیس کے 5 اہلکار زخمی ہوگئے جس کے بعد 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (سکیورٹی اور امن و قانون) منیر خان نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بٹامالو کے دیار وانی میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق انٹلیجنس اطلاعات موصول ہونے کے بعد سکیورٹی فورسیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کے ساتھ تلاشی مہم شروع کی تھی۔ سکیورٹی فورسیس جیسے ہی اس گھر پر پہونچے جہاں عسکریت پسند روپوش تھے، انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی اور سکیورٹی فورسیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی انکاؤنٹر شروع ہوگیا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی نے مزید کہا کہ ’’پانچ عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے پولیس پر دستی بم پھینکتے ہوئے فائرنگ شروع کی تھی۔ بعدازاں اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ یہ علاقہ انتہائی تنگ اور گنجان تھا چنانچہ سکیورٹی فورسیس نے بڑی حد تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا تاکہ کسی کو نقصان نہ پہونچے کیونکہ اس علاقہ کے اکثر گھروں کی چھت ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ منیر خان نے کہا کہ ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل پرویز احمد ہلاک ہوگیا۔ 2 عسکریت پسند زخمی ہونے کے باوجود فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دیگر 2 دہشت گردوں کو پکڑ لیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ قبل ازیں ایک پولیس ترجمان نے کہا تھا کہ ’’دہشت گردوں کے دو ساتھیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے‘‘۔ انکاؤنٹر کے مقام سے قابل اعتراض اور اشتعال انگیز مواد دستیاب ہوا ہے۔ ایک ترجمان نے کہا کہ اس علاقہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی گئی۔ اس دوران ڈی پی ایل سرینگر میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب میں سیول انتظامیہ، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسیس نے مہلوک کانسٹیبل پرویز احمد ساکن موضع ڈانڈوت ضلع راجوری کو پراثر خراج عقیدت ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT