Thursday , December 14 2017
Home / ہندوستان / کشمیر میں تمام تعلیمی ادارے بند

کشمیر میں تمام تعلیمی ادارے بند

سرینگر،12اکتوبر(یو این آئی)وادیٔ کشمیر میں چوٹی کاٹنے کے واقعات کے خلاف علیحدگی پسند لیڈروں کی آج طلبا سے اپنے تعلیمی اداروں میں مظاہرہ کرنے کی اپیل کے بعد انتظامیہ نے یہاں کے سبھی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیاہے ۔کشمیر کے ڈویژنل کمشنر بصیر احمد خاں نے احتیاطاً آج سبھی سرکاری و خانگی اسکولوں،کالجوں اور دوسرے تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا حکم دیا۔ اننت ناگ،پلوامہ اور بارہمولہ کے ڈپٹی کمشنروں نے بھی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے احکامات دیئے ۔ وادیٔ کے بیشتر تعلیمی اداروں میں کل سے سالانہ امتحانات کا آغاز ہواتھا۔سالانہ امتحانات کو مقررہ پروگرام کے مطابق پیر سے شروع ہونا تھا،لیکن وادی میں چوٹی کاٹنے کے واقعات پرعلیحدگی پسند رہنماؤں کی ہڑتال کے اعلان کی وجہ سے امتحانات مقررہ وقت پر نہیں ہوسکے ۔کشمیر یونیورسٹی نے آج حکم جاری کر کے سبھی کلاسوں کو رد کردیاہے ۔ لیکن تمام امتحانات مقررہ پروگرام کے مطابق ہی ہونگے ۔سید علی شاہ گیلانی،میر واعظ مولوی عمر فاروق(جے آر ایل گروپ) اورعلیحدگی پسند لیڈر یٰسین ملک کی جانب سے 14 اکتوبر کی ‘پولو گاؤنڈ چلوریلی کی معطلی کے اعلان کے بعد طلبا سے تعلیمی اداروں میں چوٹی کاٹنے کے واقعات کے خلاف احتجاج و مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT