Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / کشمیر میں دو انکائونٹرس، 6 عسکریت پسند اور ایک سپاہی ہلاک

کشمیر میں دو انکائونٹرس، 6 عسکریت پسند اور ایک سپاہی ہلاک

مہلوک حوالدار ہنگ پانڈدادا کی غیر معمولی جرأت مندی، 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

سری نگر۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں فوج نے کہا ہے کہ ریاست کے مختلف مقامات پر انکائونٹر کے دو الگ الگ واقعات میں کم سے کم 6 عسکریت پسند اور ایک سپاہی ہلاک ہوگیا اور فوج نے عسکریت پسندوں کی درانداز ی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے نوگام سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب دراندازی کے خلاف دو روزہ مہم کے دوران ایک انکائونٹر میں 4 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ اس کارروائی میں فوجی حوالدار ہنگ پانڈ دادانے انتہائی جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ میں شدید زخمی ہونے کے بعد وہ بھی جانبر نہ ہوسکے۔ یہ دہشت گرد پاکستان مقبوضہ کشمیر سے گزشتہ روزہ ہندوستانی علاقہ میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔ ایک فوجی عہدیدار نے کہا کہ چار AK47 رائفلس ، اسلح و گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ اور دیگر جنگی ساز و سامان کے ساتھ اس مقام سے 4 دہشت گردوں کی نعشیں دستیاب ہوئی ہیں۔ 36 سالہ حوالدار دادادہشت گردوں کے ساتھ جاری انکائونٹر میں فوجی ٹیم کی قیادت کررہے تھے جنہیں شدید زخمی حالت میں فوجی اڈے کے ہسپتال کو منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ ان کے پسماندگان میں بیوی کے علاوہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ فوجی عہدیدار نے اس کارروائی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کے لئے اس سیکٹر میں فوج تعینات کی گئی تھی اور جیسے ہی وہ دراندازی کرتے ہوئے نظرآئے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ اس طرح دراندازی کی کوشش کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنادیا گیا۔ ایک اور واقعہ میں حسب المجاہدین کے دو عسکریت پسند ضلع بارہ مولہ کے تنگ مار علاقہ میں سکیوریٹی فورسس کے ساتھ انکائونٹر میں ہلاک ہوگئے۔ ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ انکائونٹر اس وقت شروع ہوا جب فوج اور سی آر پی ایف نے موضع کھونچی پورہ میں مکمل ناکہ بندی کے ساتھ تلاشی مہم شروع کی جب یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اس علاقہ میں کئی عسکریت پسند روپوش ہیں۔ تلاشی مہم میں مصروف دستے نے عسکریت پسندوں کو خود سپردگی کی ہدایت دی لیکن انہوں نے انکار کردیا اور فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جس میں معراج احمد بھٹ اور عادل احمد ہلاک ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT