Monday , December 18 2017
Home / ہندوستان / کشمیر میں ریل خدمات بحال ، فور جی اورتھری جی انٹرنیٹ بدستور معطل

کشمیر میں ریل خدمات بحال ، فور جی اورتھری جی انٹرنیٹ بدستور معطل

سری نگر ، 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں دو دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات اتوار کی صبح بحال کردی گئیں۔ وادی میں ریل خدمات جمعہ کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ رنگریٹ میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ایک 25 سالہ نوجوان نصیر احمد شیخ اور جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے آرونی میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مسلح جھڑپ کے مقام پر شہری ہلاکتوں کے بعد احتیاطی اقدامات کے طور پر معطل کردی گئی تھیں۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘تمام ریل گاڑیوں کی معمول کی خدمات آج صبح بحال کی گئیں’۔ انہوں نے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی کا فیصلہ مقامی سیول و پولیس انتظامیہ کے مشورے پر لیا گیا تھا، اور ان کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی ریل خدمات کو آج بحال کردیا گیا۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا ‘بڈگام۔ سری نگر سے جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ پلوامہ، اننت ناگ اور قاضی گنڈ چلنے والی ریل خدمات بحال کردی گئیں ‘۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح وسطی ضلع بڈگام اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کی درمیان چلنے والی ریل خدمات بھی بحال کردی گئیں۔ ریلوے عہدیدار نے بتایا کہ ماضی میں تشدد کے واقعات کے دوران وادی میں ریل گاڑیوں، ریلوے اسٹیشنوں اور لائٹنگ سسٹم کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ وادی میں گذشتہ برس جولائی میں معروف حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہروں کے سبب ریل خدمات کم از کم چار ماہ تک معطل رہی تھیں۔ دریں اثنا وادی میں تمام مواصلاتی کمپنیوں کی تیز رفتار والی انٹرنیٹ خدمات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وادی میں تیز رفتار والی فور جی اور تھری جی موبائیل انٹرنیٹ خدمات احتیاطی اقدامات کے طور پر معطل رکھی گئی ہیں ۔ تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کی براڈ بینڈ اور دیگر نجی کمپنیوں کی وائر انٹرنیٹ خدمات کو معطلی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT