Friday , June 22 2018
Home / ہندوستان / کشمیر میں ریل خدمات بحال

کشمیر میں ریل خدمات بحال

سری نگر ، 9مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں چار دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات جمعہ کی صبح بحال کردی گئیں۔ یہ خدمات جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں 4 مارچ کی شام پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ میں دو جنگجوؤں اور چار عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد وادی بالخصوص جنوبی کشمیر میں پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی طور پر معطل کی گئی تھیں۔ ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘ہم نے ریل خدمات کو آج چار روز بعد بحال کردیا’۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی صبح کچھ ریل گاڑیاں چلی تھیں، لیکن بعد میں جنوبی کشمیر میں کچھ مقامات پر پتھراؤ کے واقعات پیش آنے کے بعد ریل خدمات کو ایک بار پھر روک دیا گیا تھا۔
مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ وادی میں جمعہ کے روز سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ سے جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل گاڑیاں معمول کے مطابق چلیں گی۔ انہوں نے بتایا ‘ہمیں گذشتہ شام ریاستی پولیس کی طرف سے ایک اطلاع موصول ہوئی جس میں ریل خدمات کو بحال کرنے کا مشورہ دیا گیا’۔ ریلوے کے ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ خدمات کو معطل رکھنے کا فیصلہ ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں اور ریلوے املاک کو نقصان سے بچانے کے لئے اٹھایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران ریلوے املاک کو بڑے پیمانے کا نقصان پہنچایا گیا۔

TOPPOPULARRECENT