Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / کشمیر میں سنگباری سے نمٹنے سی آر پی ایف کو خصوصی ٹریننگ

کشمیر میں سنگباری سے نمٹنے سی آر پی ایف کو خصوصی ٹریننگ

سری نگر ؍جموں 22مئی (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں سنگباری سے نمٹنے کے لئے سنٹرل ریزو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں کو خصوصی ٹریننگ دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے ’یو این آئی‘ کو بتایا کہ جموں شہر کے مضافاتی علاقہ نگروٹہ میں واقع زونل ٹریننگ سنٹر میں سی آر پی ایف اہلکاروں کومظاہروں کے دوران کشیدگی کو کم کرنے اور سنگباری سے بغیر کسی جانی نقصان کے نمٹنے کی سخت ٹریننگ دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ پر محیط یہ خصوصی تربیتی کورس طور پر تیار کیا گیا ہے اور اس کی کامیاب تکمیل کے بعد لا اینڈ آڈر ڈیوٹی پر تعینات کئے جانے والے ان اہلکاروں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس خصوصی ٹریننگ کا مقصد اُن سی آر پی ایف اہلکاروں کو اس حساس ریاست میں ملک و سماج مخالف عناصر سے نمٹنے کے لئے تیار کرنا ہے ، جنہیں ملک کے دوسرے حصوں میں تعینات رہنے کے بعد یہاں ٹرانسفر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی ٹریننگ کا نام ’پری انڈکشن ٹریننگ‘رکھا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ ٹریننگ پانے والے اہلکاروں کو لاء اینڈ آڈر کے مسئلے ، پتھراؤ کرنے والوں، انسداد عسکریت پسندوں کی کارائیوں اور شرپسندوں سے نمٹنے کے لئے تیار کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ان اہلکاروں کو اُن لوگوں سے بغیر کسی جانی نقصان کے نمٹنے کی تربیت دی جاتی ہے ، جو انسداد عسکریت پسندی کی کاروائیوں میں رخنہ ڈالنے کے مرتکب ہوجاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ ٹریننگ کی کامیاب تکمیل پر اہلکاروں کو ریاست کے مختلف حصوں میں تعینات کیا جائے گا، تاہم تربیت پانے والے اہلکاروں کی ایک چھوٹی تعداد کو ریزرو رکھا جائے گا تاکہ ان کو ہنگامی صورتحال کے وقت تعینات کیا جاسکے ۔ سنگباری جو ابتدا میں گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سیول لائنز کے مائسمہ اور پائین شہر کے چند گنے چنے علاقوں تک محدود تھی، اب کشمیر کے دیہی علاقوں تک پھیل گئی ہے اور اس میں معروف حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد غیرمعمولی اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں نوجوانوں کے ہجوم زیادہ ہی جنونی ہوتے ہیں اور ان میں 8 سے 10 سال کی عمر کے بچے بھی شامل ہوتے ہیں۔ دوسری جانب دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں سنگباری کے واقعات میں اضافے کے سبب سیکورٹی فورسز کو انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں کے دوران خاصی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT