Monday , May 21 2018
Home / ہندوستان / کشمیر میں سیکورٹی وجوہات پر ریل خدمات معطل

کشمیر میں سیکورٹی وجوہات پر ریل خدمات معطل

سرینگر15دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں سیکورٹی وجوہات کی بناء پر جموں خطہ کے بانہال اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل خدمات جمعہ کے روز معطل رکھی گئیں۔ خدمات کی معطلی کے باعث وادی میں ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑااور بیشتر مسافر ریلوے اسٹیشنوں سے مایوس ہوکر واپس چلتے بنے ۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ وادی میں رواں برس ریل خدمات کو 48 مرتبہ سیکورٹی اور دوسرے وجوہات کی بناء پر کلی یا جزوی طور پر معطل رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریل خدمات کو آج (جمعہ کے روز) علیحدگی پسندوں کی طرف سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لال چوک میں دی گئی ‘جلسہ عام’ کی کال کے پیش نظر احتیاطی طور پر معطل کردیا گیا ہے ۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘ہم نے سیکورٹی وجوہات کی بناء پر تمام ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی ہے ‘۔انہوں نے بتایا ‘وسطی کشمیر کے بڈگام اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینوں کو معطل کیا گیا ہے ‘۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا ‘اسی طرح بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر تمام ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں’۔ انہوں نے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی کا اقدام پولیس اور سول انتظامیہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری پر عمل کے طور پر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس و سول انتظامیہ کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ریل خدمات کو بحال کردیا جائے گا۔ پولیس و سول انتظامیہ نے ریل خدمات کو ظاہری طور پر لوگوں کو اننت ناگ پہنچنے سے روکنے کے لئے معطل کرادیا ہے ۔ وادی میں امسال ریل خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر 48مرتبہ معطل کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT