Thursday , June 21 2018
Home / ہندوستان / کشمیر میں عسکریت پسندوں کا حملہ

کشمیر میں عسکریت پسندوں کا حملہ

دو بی ایس ایف جوان ہلاک خود کار اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ

دو بی ایس ایف جوان ہلاک خود کار اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ
سرینگر 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں اونتی پورہ ہندوستانی فضائیہ کی فضائی پٹی کے بالکل باہر عسکریت پسندوں نے بی ایس ایف جوانوں کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس میں بی ایس ایف کے دو جوان ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوگئے۔ عہدیداروں نے کہاکہ بارڈر سکیورٹی فورس اسکواڈ پلوامہ میں فضائی پٹی پر تعینات تھا۔ آج دوپہر عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے خودکار اسلحہ سے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ سرینگر سے 33 کیلو میٹر دور واقع اس فضائی پٹی پر بی ایس ایف جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ یہ جوان ہندوستانی فضائی فورس کی فضائی پٹی کی نگرانی کررہے تھے جس اسکواڈ پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا وہ بی ایس ایف کے 165 ویں بٹالین کے ’’جی‘‘ کمپنی سے تعلق رکھتے ہیں۔

ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ عسکریت پسندوں نے بی ایس ایف اسکواڈ پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فوج کی جپسی گاڑی میں موجود جوان فائرنگ کی زد میں آگئے۔ فائرنگ کے فوری بعد دیگر بی ایس ایف جوانوں نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے جوابی فائرنگ کی لیکن عسکریت پسند فرار ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد راشٹریہ رائفلس اور بی ایس ایف کے جوانوں کے تازہ دستوں کو روانہ کیا گیا ہے جو اس علاقہ میں عسکریت پسندوں کی بڑے پیمانہ پر تلاشی کررہے ہیں۔ زخمی جوانوں کو فوجی دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان نے کہاکہ کوئیل مقام پر بی ایس ایف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ اے ایس آئی آر یادو اور ہیڈ کانسٹبل ایس باور زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ دیگر زخمی جوانوں کی ہیڈ کانسٹبل جئے پرساد، کانسٹبل امر بہادر، پی سنگھ اور ونود کمار کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ عسکریت پسند حملہ کرنے کے بعد اس مقام سے فرار ہوگئے۔ اب تک کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT